تھانہ ممتاز آباد کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا گیاد

ہفتہ 8 مارچ 2025 23:27

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) تھانہ ممتاز آباد کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق آر پی او کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم اورسی پی او صادق علی ڈوگر کے ہمراہ ہفتہ کو یہاں تھانہ ممتاز آباد کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ پولیس کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے،پنجاب پولیس کی قیادت کی خصوصی ہدایات پر ماڈل پولیس اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں، تاکہ عوام الناس کو ایک محفوظ اور دوستانہ ماحول میسر آ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان ریجن پولیس انصاف کی بروقت فراہمی اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،پولیس فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی جا رہی ہے،تاکہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کریں۔

(جاری ہے)

سی پی او صادق علی ڈوگر نے اپنے خطاب میں فخر پاکستان اولمپک چیمپئن ارشد ندیم اور تاجر برادری سمیت دیگر شریک معزز مہمانوں کی آمد پر ان شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی موجودگی پولیس کی حوصلہ افزائی کا باعث ہے اور عوام دوست پولیسنگ کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملتان پولیس عوام دوست پولیسنگ کے عزم پر کاربند ہے اور شہریوں کو فوری اور بہتر سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔سی پی او نے کہا کہ نئے ماڈل تھانے شہریوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کیے جا رہے ہیں،جہاں شفاف تفتیش اور بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کے لیے ماڈل تھانوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے، تاکہ شہریوں کو ایک خوشگوار ماحول میں قانونی معاونت حاصل ہو،جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیسنگ کو مزید مؤثر اور تیز بنایا جا رہا ہے،جس سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے جدید طرز کے ماڈل تھانے قائم کر رہی ہے،پولیس کا مثبت اور عوام دوست رویہ شہر میں امن و امان کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید تھانے شہریوں کو تحفظ کا احساس دلانے میں مددگار ثابت ہوں گےاور عوام کو چاہیے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ معاشرے میں جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر تمام ادارے اسی محنت اور لگن سے کام کریں تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ارشد ندیم نے پولیس کی عوامی خدمات اور ماڈل پولیس اسٹیشنز کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔افتتاحی تقریب کے بعد آر پی او، سی پی او ، ارشد ندیم اور دیگر شرکاء نے مل کر روزہ افطار کیا۔