ملک میں بارشیں برسانے والے سسٹم کی انٹری

محکمہ موسمیات کی بارشوں کا سلسلہ آئندہ چھ روز تک جاری رہنے کی پیشنگوئی

پیر 10 مارچ 2025 22:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2025ء) ملک میں بارشیں برسانے والے سسٹم کی انٹری کے ساتھ ہی کہیں بارش اور کہیں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ چھ روز تک جاری رہنے کی پیشنگوئی کی ہے ۔ بالائی پہاڑی علاقوں میں سفید موتیوں کی برسات کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ،ملک کے دیگرشہروں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی، 16 مارچ تک بادل برسیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی گئی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، مری ،گلیات سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسیں گے، حیدرآباد، سکھر میں بھی بارش کا امکان پیدا ہوگیا۔ پشاور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، مری میں بارش اور برفباری کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی ہے۔