ایف آئی اے میں مقررہ تعداد سے زائد پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) افسران کی تعیناتی رولز کی خلاف ورزی قرار

منگل 11 مارچ 2025 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے میں مقررہ تعداد سے زائد پولیس سروس آف پاکستان (پی ایس پی) افسران کی تعیناتی کو رولز کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ ایف آئی اے میں پی ایس پی افسران کی تعیناتی کے لیے پی ایس پی رولز پر عمل کرنا لازم ہے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ ایف آئی اے میں پی ایس پی افسران کی تعیناتی کے لیے پی ایس پی رولز پر عمل کرنا لازم ہے، جس کے مطابق متعلقہ کیڈر میں صرف 25 آسامیوں پر ہی پی ایس پی افسران تعینات کیے جا سکتے ہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ 25 کو کل آسامیوں کا 25 فیصد تصور نہیں کیا جا سکتا،۔عدالت نے کہا ہے کہ بابر شہریار کیس میں پہلے ہی ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کا اجلاس 60 دن میں بلانے کا حکم دے رکھا ہے۔ فیصلے کے مطابق، اگر ڈی پی سی کا اجلاس نہ بلایا گیا تو وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کے متعلقہ افسران عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔ڈی پی سی کا معاملہ پہلے ہی طے ہو چکا ہے، اس لیے اس حوالے سے کوئی نیا حکم جاری کرنے کی ضرورت نہیں۔