Live Updates

جعفرایکسپریس آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ کسی بڑے نقصان کے بغیر مکمل ہوا، وزیراعظم

نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کا اسلام اور ملک سے تعلق نہیں، معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کیلئے پُرعزم ہیں؛ شہباز شریف کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 مارچ 2025 11:26

جعفرایکسپریس آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ کسی بڑے نقصان کے بغیر مکمل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جعفرایکسپریس آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ کسی بڑے نقصان کے بغیر مکمل ہوا، نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والوں کا اسلام اور ملک سے تعلق نہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے جعفرایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر پاک فوج اور فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے فورسز کے جوانوں، ٹرین کے مسافروں کی شہادت پر وزیراعظم نے اظہارافسوس کیا، وزیراعظم نے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جعفرایکسپریس آپریشن کی بغیر کسی بڑے نقصان کے تکمیل ہوئی، آپریشن انتہائی مہارت کے ساتھ کیا گیا، بہادر جوانوں اور افسروں نے بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کیا، فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور فوج کے سپہ سالار کی متحرک قیادت کی بدولت آپریشن کی تکمیل ممکن ہوئی، آپریشن کے دوران 33 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس حملے کے بعد یرغمال بنائے گئے مسافروں کو بازیاب کروایا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرتے ہوئے وہاں موجود تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن سے پہلے 21 مسافر اور ایف سی کے 4 اہلکار شہید ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بولان میں 11 مارچ کو دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بنایا اور دہشتگردوں نے ریلوے ٹریک کو نشانہ بناکر جعفر ایکسپریس کو روکا اور ریلوے حکام نے بتایا ٹرین میں 440 افراد موجود تھے، کلیئرنس آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا لیکن آپریشن سے قبل دہشگردوں کی بربریت میں 21 مسافر شہید ہوگئے تھے جب کہ ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے جن میں سے تین ایف سی کے جوانوں کو قریبی پکٹ پر دہشتگردوں نے کلیئرنس آپریشن سے پہلے شہید کیا اور ایک جوان گزشتہ روز آپریشن کے دوران شہید ہوا۔
Live جعفر ایکسپریس حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات