قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 15 نئی فیکٹریاں لگنے جارہی ہیں ، گارمنٹ سٹی میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری منتقل ہوگی، وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 13 مارچ 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ اگلے 2 ماہ میں قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 15 نئی فیکٹریاں لگنے جارہی ہیں ، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر یہاں گارمنٹ سٹی بن رہا ہے جہاں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری منتقل ہوگی، فیڈمک کے زیر اہتمام فیصل آباد میں 9ہزار ایکڑ رقبے پر انڈسٹریل اسٹیٹس کی سکیورٹی وال کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا باقیماندہ کام اگلے 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا ، ہم نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں برسوں سے جاری رئیل اسٹیٹ کے کاروبار کو بند کروادیا اس لئے اب یہاں تیزی سے کارخانے لگ رہے ہیں ۔

پالیسی کے مطابق 2سال کے اندر کارخانہ نہ لگانے والے کا پلاٹ کینسل کیا جا رہا ہے ۔صوبائی وزیر صنعت نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس ٹرین میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مزمت کی اور اسے افسوس ناک واقعہ قرار دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھنا چاہتا ۔ پاکستان کی افواج اور سیکورٹی اداروں نے امن کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو بہادری سے خاک میں ملا دیا ۔

دہشت گردوں کا کوئی دین نہیں ہوتا وہ انسانیت کے دشمن ہیں ،علما کرام اور پوری قوم کو متحد ہوکر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اور میرے دورہ چین کے دوران چین کی متعدد کمپنیوں سے معاہدے ہوئے ،چین کی وی وو موبائل فون کمپنی نے انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں موبائل فون مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگانا شروع کردیا اور یہ پلانٹ 2سال میں پیدا وار شروع کر دے گا ۔

لیتھیم بیٹریاں اور سولر پینلز کی پنجاب میں مینوفیکچرنگ کے پلانٹ لگانے کے حوالے سے بھی چین کی کمپنیوں سے معاہدے ہوچکے ہیں ۔ٹیوٹا کے اداروں کی آپ گریڈیشن کی گئی ،کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ،ٹیوٹا کے اداروں میں چائنیز کے علاہ جرمن ،عربی،کورین اور جیپنیز زبانوں کے کورسز شروع کرائے گئے ۔ٹیوٹا کا گزشتہ 6 سال کا پرفارمینس اور فنانشل آڈٹ کرایا جارہا ہے ۔

وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر 3 ماہ کے آئی ٹی کے شارٹ کورسز مفت کروائے جارہے ہیں اور ان کی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن بھی ہورہی ہے ،وزیر اعلی پنجاب آسان کاروبار فنانس اور وزیر اعلی پنجاب آسان کاروبار کارڈ سکیم کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے فروغ کیلئے بلاسود قرضے دئیے جارہے ہیں ۔ پنجاب 23سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے ۔

سیالکو ٹ میں 800ایکڑرقبے پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ چین کا اے ڈی ایم گروپ 3ہزار ای وی چارجنگ اسٹیشنز لگارہا ہے اور ایک دوسرے گروپ نے ای وی چارجنگ کے اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کالاباغ ڈیم کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا ہمیں نہروں پر چھوٹے ڈیم بنانے پر فوکس کرنا چاہیے اس حوالے سے آسٹریا کی حکومت سے بات چیت جاری ہے ۔

کھیوڑہ کے قریب پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ انڈسٹری لانے کیلئے کوشاں ہیں جس کی برآمد سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ ایران کے ساتھ ساتھ تجارت بڑھانے کیلئے تجارتی وفد ایران بھیجا جائے گا ۔پنجاب کی میٹ کمپنی کا ایران کی حکومت کے ساتھ تنازعہ تھا جس کے باعث میٹ کمپنی بند تھی اسے حل کردیا گیا ہے ،اب پنجاب کی میٹ کمپنی کا معاہدہ آذربائجان کی حکومت کے ساتھ کروادیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دان ،سرکاری افسران ،وزرا ،اراکین اسمبلی اور معاشرے کا ہر فرد محنت سے کام کرے تو ایک سال کے اندر آئی ایم ایف سے جان چھوٹ سکتی ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ رواداری اور شرافت کی سیاست کی ہے اور ہم ان کی عزت کی سیاست کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں ۔ ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اور نہ کبھی کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نگرا ن حکومت سے پہلے والی حکومت نے بے پنا ہ کرپشن کی ۔ٹرانسفر پوسٹنگ پر پیسے لئے گئے اور 15-15کروڑ روپے میں یونیورسٹیوں کے چارٹر بیچے گئے ان کا حساب ضرور دینا ہوگا ۔ صوبائی وزیر نے نے کہا کہ کینیڈا میں سرمایہ کاری کانفرنس ہورہی ہے جس پنجاب کا وفد شرکت کرے گا اور صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اس وفد کا حصہ ہوں گے ۔سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود اور ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔