جعفر ایکسپریس دہشت گردی، پیوٹن کا پاکستان کو تعزیتی پیغام، دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم

بزدلانہ کارروائی میں بڑی تعداد میں خواتین ، بچوں کا نشانہ بننا قابل مذمت ہے،پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا،روسی صدر

جمعہ 14 مارچ 2025 20:30

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء)روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بلوچستان میں مسافر ٹرین جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے پر پاکستان کی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ روسی سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پیوٹن نے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، جنہوں نے کامیاب آپریشن کے ذریعے یرغمالیوں کو بچایا۔

(جاری ہے)

اپنے تعزیتی پیغام میں صدر پیوٹن نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاجعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے افسوسناک نتائج پر دلی تعزیت قبول کریں۔انہوں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ کارروائی میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی نشانہ بنے، جو قابل مذمت ہے۔روسی صدر نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث سیکڑوں معصوم جانیں بچائی جا سکیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔پیوٹن نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کی۔