&’’لمبی جدائی‘‘ فلم انڈسٹری کے بحران میں کمی لائے گی ، انڈسٹری کی بحالی میرا مشن : ملک مشتاق

فنکار معصوم لوگ ،چاہتا ہوں انڈسٹری کے ہنرمندوں اورآرٹسٹوں کے گھروں کے چولہے جلیں،فلم پروڈیوسر کاتقریب سے خطاب [ اداکار راشد محمود ،ساجد یزدانی ،طاہربخاری ،مون پرویز اورزویاقاضی کافلم ’’لمبی جدائی ‘‘ کی کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کااظہار

جمعہ 14 مارچ 2025 21:45

eلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 مارچ2025ء) میں ایک کاروباری آدمی ہوں ،فلم بنانے کاواحد مقصد پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی اوراس سے وابستہ فنکاروں اورہنرمندوں کے گھروں کے چولہے جوفلمیں نہ بننے سے ٹھنڈ ے پڑ چکے ہیں ،انہیں دوبارہ جلانا ہے۔ ان خیالات کااظہار عیدالفطر پرریلیز ہونے والی اردو فلم ’’ لمبی جدائی ‘‘ کے پروڈیوسر ملک مشتاق نے گذشتہ روزلاہورپریس کلب میں اپنی فلم کے حوالے سے منعقد ہ تقریب میں کیا۔

تقریب کے شرکاء سے پرائیڈ آف پرفارمنس سینئر اداکار وصداکار راشد محمود ،سینئر شوبز صحافی سید ساجد یزدانی ،صدرکلچرل جرنلسٹس فائونڈیشن پاکستان طاہربخاری ،کاشف مشتاق ،طلعت شاہ اوراسلم پھلروان نے بھی اظہار خیال کیا۔ پروڈیوسر ملک مشتاق نے کہا کہ میری کوشش تھی کہ ایسی فلم بنائی جائے جسے فیملی کاہرفرد ایک ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکے۔

(جاری ہے)

اورالحمداللہ ’’لمبی جدائی ‘‘ بہترین فیملی انٹرٹینمنٹ ثابت ہوگی۔

میں نے جب فلم بنانے کاارادہ کیا تو مجھے پتا چلا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے بحران کی بڑی وجہ سینمائوں کی عدم دستیابی ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ فنکار بہت معصوم ہوتے ہیں ،فلم انڈسٹری کے بحران نے ان کے مسائل میں اضافہ کیا۔فلم پروڈکشن میں کمی کے علاوہ جدیدی ٹیکنالوجی سے دوری بھی فلم انڈسٹری کے بحران کی وجوہات میں شامل ہیں۔ڈیجیٹل سینما کے بعد سینمائوں کی کمی کو دورہوجانا چاہیے تھا لیکن شاید اس پر اس طرح توجہ نہیں دی گئی جو اس مسئلے کے حل کے لیے درکار تھی۔

ملک مشتاق نے مزید کہا کہ سینمابینی کے فروغ کے لیے ہم نے ایک مثبت کوشش کی ہے۔ اس کوشش میں ہمیں معاشرے کے ہرفرد کاساتھ چاہیے تاکہ پاکستانی فلمیں دوبارہ ایک کامیاب بزنس بن سکیں۔ بہ طور فلم ساز میرے مزید دو پراجیکٹ زیرتکمیل ہیں۔میراپاکستانی فلمی شائقین سے وعدہ ہے کہ ہم انہیں بہترین انٹرٹینمنٹ کے ساتھ ساتھ فیملی موویز کے ساتھ سینما?ں کی رونق کو بحال کریں گے۔

لیجنڈری اداکار راشد محمود نے کہا کہ ’’لمبی جدائی ‘‘ نے پاکستانی فلمی شائقین کے اپنی فلموں سے جدائی کو ختم کردیا ہے ،ہم دعا گو ہیں کہ ملک مشتاق کی یہ فلم کامیاب ہو اورلاہورکے سٹوڈیو ز کی رونقیں دوبارہ بحال ہوں۔ سیدساجد یزدانی ،طاہربخاری ودیگر مقررین نے فلم کی کامیابی کے دعاکرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ سینما گھر جاکرفلم دیکھیں کیوں کہ فلم بینی آج بھی دنیا بھر میں سب سے سستی اوربہترین تفریح سمجھی جاتی ہے۔

تقریب کے آغاز پر جوائنٹ سیکرٹری لاہورپریس کلب عمران شیخ ،سینئر صحافی اشرف سہیل اورسٹیج ڈائریکٹر قیصر جاوید نے معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔اورفلم کی کامیابی کے لیے نیک تمنا?ں کااظہا رکیا۔تقریب میں ممبرگورننگ باڈی لاہورپریس کلب رانا شہزاد، بدرسعید ،سینئر صحافی دبیر بٹ ، رفیق خان، شاہد بخاری،حفیظ الرحمن مغل ، مشتاق سرور،جاویدہاشمی ،محمد عارف ،فوٹوجرنلسٹ طاہرچودھری، پروگریسورائٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے سیکرٹر ی جنرل جاوید آفتاب ، شاعرڈاکٹر کنول فیروز، آفتاب خان، پرائیڈ آف پرفارمنس گٹارسٹ سجاد طافو، گلوکارہ مون پرویز ،اداکارہ زویا قاضی اورملکہ پیرزادہ سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔