پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 1 پیسہ بھی کمی نہیں ہو گی

وزیر اعظم کی منظوری کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے عید تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 مارچ 2025 23:07

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 1 پیسہ بھی کمی نہیں ہو گی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 15مارچ 2025ء ) عید تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 1 پیسہ بھی کمی نہیں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کی امید لگائی عوام کے ساتھ حکومت نے ایک مرتبہ پھر ہاتھ کر دیا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کے بعد دعوٰی کیا جا رہا تھا کہ پاکستان میں 16 مارچ سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے تک کمی ہو سکتی ہے۔

تاہم اب وفاقی وزارت خزانہ نے وزیر اعظم کی منظوری کے بعد عید تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا، حکومت کے اس فیصلے کے تحت عید تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 1 پیسے کی بھی کمی نہیں ہو گی، یکم مارچ سے نافذ کی گئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 31 مارچ تک برقرار رہیں گی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھ کر بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دیں گے، عوام کو پورا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام بجلی کی قیمتوں میں بامعنی کمی کا باعث بنے گا۔ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے جامع پیکج تیار کیا جارہا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے پیکج کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس ریلیف سے بجلی کی قیمتیں کم ہونے کے ساتھ مہنگائی پر بھی اثر پڑے گا، بجلی کے نرخوں میں کمی کے پیکج کا آئندہ ہفتوں اعلان کیا جائے گا، حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا۔ واضح رہے کہ ملک میں اس وقت پٹرولیم مصنوعات کی نافذ العمل قیمتوں کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت 255 روپے 63 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 258 روپے 64 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت 168 روپے 12 پیسے مقرر ہے۔