مشہور سیاحتی مقام پر شدید برفباری، زمینی راستہ منقطع

محکمہ موسمیات نے کئی شمالی علاقوں میں مزید برفباری ہونے کی پیشن گوئی کر دی

muhammad ali محمد علی اتوار 16 مارچ 2025 00:03

مشہور سیاحتی مقام پر شدید برفباری، زمینی راستہ منقطع
استور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مارچ2025ء) مشہور سیاحتی مقام پر شدید برفباری، زمینی راستہ منقطع ، محکمہ موسمیات نے کئی شمالی علاقوں میں مزید برفباری ہونے کی پیشن گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا، استور میں بر ف باری کی وجہ سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی بارش اور برف باری سے سردی کی شدت برقرار رہی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں میدانی علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ بالائی اضلاع میں بارش کے ساتھ برف باری کاامکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چترال،دیر،سوات،شانگلہ،کوہستان،باجوڑ،مہمند،تورغر،بٹگرام،ہری پورمیں تیز بارش کاامکان ہے، مانسہر ہ،ایبٹ آباد،صوابی،مردان،پشاور،چارسدہ،نوشہر ہ،کوہاٹ میں بھی بارش کاامکا ن ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہنگو، کرک، لکی مروت،بنوں،خیبر،اوکزئی،شمالی وجنوبی وزیرستان میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب بارشیں برسانے والا ایک اور سلسلہ پنجاب میں داخل ہو گیا ہے۔ اس سلسلے کی وجہ سے لاہور پنجاب کے کئی شہروں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت22.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے۔