جموں و کشمیر میں برہمن سامراج کشمیری عوام کا قتل عام کررہاہے ، عبدالرشید ترابی

منگل 18 مارچ 2025 17:34

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2025ء) سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی نے مقبوضہ جموں و کشمیر، پاکستان اور عالم اسلام سے متعلق مودی حکومت کے مذموم عزائم کوبے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں برہمن سامراج کشمیری عوام کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عبدالرشید ترابی نے سعودی عرب کے شہروں ریاض اورجدہ میں میں مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا میں مسلمانوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہے اورغزہ میں صہیونی بربریت سر چڑھ کر بول رہی ہے،وہیں مقبوضہ جموں وکشمیر میں برہمن سامراج کشمیری عوام کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنے کےلئے5اگست 2019کو جموں وکشمیرکی خصوصی منسوخ کر کے کشمیریوں کی منفرد شناخت پر حملہ کیاتھا۔

عبدالرشید ترابی نے کہاکہ اس غیر آئینی اور غیر قانونی حملے کے بعد اب کشمیری عوام کی پشتنی املاک اور جائیداد وں پر قبضے ،کشمیری مسلمان ملازمین کو نوکریوں سے برطرف اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں ۔عبدالرشیدترابی نے شرکا کی توجہ کشمیریوں کے ناقابل تسخیر جذبہ حریت کی جانب مبذول کرائی ۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں پرزوردیاکہ وہ حق خودارادیت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے پر اپنی توانیاں صرف کریں تاکہ مظلوم کشمیری عوام کوبھارت کی جابرانہ تسلط سے آزاد کرایاجاسکے ۔