دہشتگردوں سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، یہ پاکستان کے دشمنوں کے ایجنٹ ہیں

تمام صوبوں نے اتفاق کیا کہ دہشتگردی کا کسی قوم یا زبان سے تعلق نہیں ،دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے کوئی جواز یا مطالبہ ناقابل قبول ہوگا،دہشتگردی کا صفایا کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید منظم کیا جائے گا، وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 19 مارچ 2025 21:27

دہشتگردوں سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، یہ پاکستان کے دشمنوں کے ایجنٹ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 19مارچ 2025ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، یہ پاکستان کے دشمنوں کے ایجنٹ ہیں،تمام صوبوں نے اتفاق کیا کہ دہشتگردی کا کسی قوم یا زبان سے تعلق نہیں ،دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے کوئی جواز یا مطالبہ ناقابل قبول ہوگا،دہشتگردی کا صفایا کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید منظم کیا جائے گا۔

انہوں نے اے آروائی نیو زکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں سبھی جماعتوں کی نمائندگی تھی، کے پی اور بلوچستان کے رہنماؤں نے بھی بات کی، سب کا مئوقف تھا کہ دہشتگردی کسی بھی شکل میں ناقابل قبول ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کسی جواز کی ضرورت نہیں ہے، دہشتگرد انسانی مجرم ہے، اس کو کسی مطالبے یا جواز سے نہیں جوڑا جاسکتا، اس پر ساری لیڈرشپ نے اعتراف کیا اور دوٹوک الفاظ میں قرارداد پر بھی اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

دہشتگردی سے متعلق کسی کو کوئی ابہام نہیں ہے، بلوچستان میں جو کاروائیاں ہوئیں اور بے گناہ لوگوں کو بسوں سے اتار کر قتل کیا گیا، ٹرین کا حادثہ ہوا، مزدوروں کو جھونپڑیوں سے نکال کر شہید کیا گیا۔ اب دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے تجدید عہد اور عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ پوری قوم کھڑی ہوگی۔

دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید منظم اور مربوط بنایا جائے گا، دہشتگردوں کو ختم کرنے کیلئے تمام پوائنٹس کا احاطہ کیا گیا ہے، ان کیمرہ بریفنگ میں تمام جماعتوں نے اتفاق کیا کہ دہشتگردوں کا کسی قوم یا زبان سے تعلق نہیں ۔دہشتگرداتنے سفاک لوگ ہیں کہ ان کو انسان کہنا بھی انسانیت کی توہین ہے، دہشتگردوں سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوسکتا، ان کا کوئی مطالبہ نہیں ہے وہ ریاست پاکستان کے خلاف ہیں اور وہ پاکستان کے دشمنوں کے ایجنٹ ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا دشمن انڈیا ہے جس نے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا، ان کی فنڈنگ اور ان کی سپورٹ حاصل ہے جبکہ افغانستان سے ان کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی گئی ہیں۔