بھارتی میڈیا کی رپورٹ جھوٹ پرمبنی ، چیمپئنز ٹرافی میں نقصان نہیں ،3 ارب روپے منافع ہوا ‘پاکستان کرکٹ بورڈ

جمعرات 20 مارچ 2025 20:41

بھارتی میڈیا کی رپورٹ جھوٹ پرمبنی ، چیمپئنز ٹرافی میں نقصان نہیں ،3 ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025کے انعقاد سے پاکستان کو مالی نقصان سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹ جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی کو چیمپیئنز ٹرافی سی3ارب روپے منافع ہوا، یہ منافع گیٹ منی اور گرائونڈ فیس سے حاصل ہوا ہے،بھارت نے پاکستان آنے سے انکار کر کے پاکستان کو مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کی ، اب ٹیم 3سال کے لئے بھارت نہیں جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے مشیر عامر میر اور سی ایف او جاوید مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔عامر میر نے کہا کہ بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا بے نقاب کرنا ہے جو اس وقت کیا جا رہا ہے، پاکستان دشمن میڈیا ایک جھوٹ کی دکان چلا رہے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میڈیا نے بھی چلایا ہے۔

(جاری ہے)

عامر میر نے کہا کہ تین ارب روپے منافع کا تخمینہ ہے، دو ارب روپے کا تخمینہ لگایا تھا توقع سے زیادہ منافع ہوا، یہ منافع گیٹ منی اور گرائونڈ فیس سے حاصل ہوا ہے، پی سی بی کی طرف سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کوئی پیسہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی سب آڈٹ ہونا ہے لیکن اس کے باوجود تین ارب کے منافع کا تخمینہ لگایا ہے، پی سی بی نے چار اب روپے حکومت کو ٹیکس دیا ہے، آئی سی سی نے تمام اخراجات اٹھائے، 70ملین ڈالرز کا آئی سی سی نے بجٹ بنایا تھا۔عامر میر نے کہا کہ پی سی بی کے پیسے میں کمی نہیں اضافہ ہو رہا ہے، پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کا کامیابی سے انعقاد کیا، تمام بڑی ٹیموں نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی، چیئرمین محسن نقوی نے گرائونڈز کی آپ گریڈیشن کا مشکل ٹاسک لیا اور پھر مکمل کیا، قذافی اسٹیڈیم 90فیصد نیا بنا یہ ملک کا اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنزٹرافی سے متعلق تمام فیصلے آئی سی سی کے تھے،بھارت نے پاکستان کو مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کی، پاکستان سے زیادہ بھارت کا مالی نقصان ہونے جا رہا ہے،پی سی بی کے خزانے میں جو رقم موجود ہے اس کے مطابق ہم امیر کرکٹ بورڈز میں تیسرے نمبر پر آ رہے ہیں۔اس موقع پر جاوید مرتضیٰ نے کہا کہ پی سی بی کو کوئی مالی نقصان نہیں کیا، مالی سال 24-2023میں 10ارب کا ریکارڈ منافع کمایا ہے اور اگلے مالی سال بھی اچھا منافع ہوگا۔

سی ایف او پی سی بی نے کہا کہ اسٹیڈیمز کا اپ گریڈیشن بجٹ 18ارب روپے رکھا گیا، فیز ون کے بجٹ 12ارب میں سے ساڑھے 10ارب لگ چکا ہے، باقی رقم سے ان اسٹیڈیمز اور دوسرے اسٹیڈیمز کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم صرف چیمپئنز ٹرافی کیلئے نہیں بلکہ اگلے 30سال کے لئے بنا ہے، ہم مجموعی طور پر مالی لحاظ سے مضبوط ہوئے ہیں، یہ آئی سی سی کا ایونٹ تھا جس کا انعقاد پی سی بی نے کیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025کی میزبانی کے دوران 869کروڑ روپے کا نقصان ہوا، جس کے بعد بورڈ نے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں کٹوتی اور 5 اسٹار ہوٹلوں کی سہولت ختم کرنے جیسے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق، پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے دوران اپنی سرمایہ کاری پر 85 فیصد کا نقصان برداشت کیا ہے۔