جلد سے جلد پاکستان کو پولیو فری بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے‘ مصطفیٰ کمال

جمعرات 20 مارچ 2025 23:02

جلد سے جلد پاکستان کو پولیو فری بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے‘ مصطفیٰ کمال
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جلد سے جلد پاکستان کو پولیو فری بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے‘وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے‘حکومت پاکستان پولیو کے خلاف جنگ میں عالمی شراکت داروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے گیٹس فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر برائے پولیو مائیکل گالوے نے ملاقات کی۔

مائیکل گالوے نے مصطفی کمال کو وزارت کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق ملاقات میں پولیو کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر صحت نے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں بل گیٹس اور ان کی ٹیم کے مؤثر کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

وزیرصحت نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ترجیح ہے۔وزیراعظم مسلسل جائزہ اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں، وزیراعظم سے میری پہلی ملاقات بھی پولیو کے معاملے پر ہی ہوئی تھی، وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے‘حکومت پاکستان پولیو کے خلاف جنگ میں عالمی شراکت داروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جلد سے جلد پاکستان کو پولیو فری بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ پولیو پروگرام نے حساس اور زیادہ خطرے والے علاقوں کی نشاندہی کر لی ہے،معیاری ویکسینیشن مہمات کے زریعے پولیو والے علاقوں میں تمام تر اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ‘آنے والی پولیو مہمات میں پولیو کی صورتحال میں واضح بہتری نظر آئے گی ۔کمیونٹی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جا رہی ہے‘کراچی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے‘ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کی جاری کوششوں کو خو د مانیٹر کر رہا ہوں۔