چیئرمین سینٹ کا بلوچستان میں آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجرسعد بن نذیرکی شہادت پرگہرے دکھ کا اظہار

جمعہ 21 مارچ 2025 17:07

چیئرمین سینٹ کا بلوچستان میں آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلوچستان میں آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے باغ، آزاد کشمیر کے سپوت میجر سعد بن نذیر کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے شہید میجر سعد بن نذیر کی جرات، بہادری اور مادرِ وطن کے لیے ان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید میجر سعد بن نذیر کی شہادت پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، اور ان کی بے مثال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔شہید میجر سعد بن نذیر سابق وزیرِاعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی اہلیہ کے بھانجے تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے سابق وزیرِاعظم آزاد کشمیر اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان ملک کی سلامتی اور بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، اور پوری قوم ان کی قربانیوں کی مقروض ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری مسلح افواج کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنایا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید میجر سعد بن نذیر کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔