رمضان المبارک کا آخری عشرہ ہمارے لیے جہنم سے نجات کا ذریعہ ہوگا ‘مولانا سید عبدالخبیرآزاد

اسرائیل کا غزہ و فلسطین کے مسلمانوں پر بمباری کرنا عالمی امن معاہدہ کی خلاف ورزی ہے اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے

جمعہ 21 مارچ 2025 18:01

رمضان المبارک کا آخری عشرہ ہمارے لیے جہنم سے نجات کا ذریعہ ہوگا ‘مولانا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)چیئرمین مرکزی ریت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادنے کہا ہے کہ رمضان المبارک ہم سب کیلئے خیرو برکت رحمت،مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے،اللہ تعالی نے ہمیں رمضان المبارک کی ستائیسویں شب میں وطن عزیز پاکستان عطا فرمایا جس پر ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں،رمضان المبارک کا آخری عشرہ ہمارے لیے جہنم سے نجات کا ذریعہ ہوگا،لیل القدر وہ رات ہے جو ہزار مہینوں سے اعلی وبالا ہے اللہ تعالی کو منانے اور مناجات کی رات ہے،فرزندان توحید اعتکاف کے سنت عمل میں اللہ تعالی کے قرب کو حاصل کریں گے رجوع الی اللہ ہی تمام مشکلات کا حل ہے۔

انہوں نے عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور میں رمضان المبارک کے تیسرے جمعتہ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر اسلام کی عظمت و سربلندی کی عظیم الشان کامیابی ہے،حق و باطل کے درمیان پہلافیصلہ کن معرکہ غزوہ بدر تھا جس میں اللہ تعالی نے مسلمانوں کو عظیم فتح عطا فرمائی،17رمضان المبارک کو تاریخ اسلامی نہایت عظیم الشان ایمان افروز او رحیریت انگیز معرکہ غزوہ بدر پیش آیا،فتح مکہ کی یاد آج بھی عالم اسلام کو امن و محبت اور وحدت کا درس دے رہی ہے،فتح مبین فتح مکہ آج بھی انسانوں کو حقیقی عالمی امن کی ضمانت دیتا ہے،آٹھ ہجری رمضان المبارک میں لوگوں نے ایسی فتح کا عظیم منظر دیکھا جس کی مثال نہیں ملتی،اس غزوہ بدر کی بدولت مسلمانوں کو شہر مکہ پر فتح نصیب ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاتح خیبر امیر المومنین حضرت سید نا علی المرتضی کا یوم شہادت 21رمضان المبارک پوری دنیا میں بڑی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، امام الانبیا حضرت محمد مصطفی ؓ کی قیادت میں صحابہ کرام کی فتح پوری کائنات کے مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے،ام المومنین حضرت سید ہ عائشہ صدیقہ کی دین اسلام کی سربلندی و بقا کیلئے عظیم خدمات کو تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج تمام علما کرام اور پوری قوم پاکستان کے تحفظ و سلامتی اور دفاع کیلئے اپنی بہادر افواج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،افواج پاکستان،پاکستان کے تحفظ و دفاع کیلئے عظیم قربانیاں پیش کر رہے ہیں جسے پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ و فلسطین کے مسلمانوں پر بمباری کرنا عالمی امن معاہدہ کی خلاف ورزی ہے اقوام متحدہ اس کا نوٹس لے،رمضان المبارک کے مہینہ میں غربا و مساکین کے ساتھ تعاون کا ذریعہ بنیں،دکھی انسانیت کی خدمت خدا کی خوشنودی کا ذریعہ ہے،رمضان المبارک میں کثرت کے ساتھ سخاوت کرنی چاہیے، خصوصا اپنے پڑوسیوں کا خاص خیال رکھیں،اللہ تعالی کے راستے میں خوب خرچ کریں،خدمت انسانیت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،مخیر حضرات اپنی زکو،صدقات،عطیات،فطرانہ کے ذریعے لوگوں کی دل کھول کر امداد کریں،اس سال علما کرام و مفتیان عظام نے متفقہ طور پرکم از کم فطرانہ 200روپے مقرر کیا ہے،صدقہ فطر اپنی طرف سے اور اپنی نابالغ اولاد کی طرف سے ادا کرنا واجب ہے، آئیں ہم سب ملکر کر اس کو ادا کریں،اللہ تعالی اپنی مخلوق کی خدمت کرنے والوں کو بے حد پسند کرتا ہے،بعد از نماز جمعہ ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔