وہ دن دور نہیں جب معیشت سے کاسمیٹکس کا لیپ اترجائے گا

معیشت نہیں غربت وافلاس بلندیوں کو چھو رہی ہے، پنجاب حکومت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔ رہنماء پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 21 مارچ 2025 19:36

وہ دن دور نہیں جب معیشت سے کاسمیٹکس کا لیپ اترجائے گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ فارم47 مارکہ حکومت ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے ، وہ دن دور نہیں جب معیشت سے کاسمیٹکس کا لیپ اترجائے گا ، حکمران دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعویدار ہیں جبکہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں بیڈ گورننس کے ریکارڈ توڑے جارہے ہیں ، حکمرانوں کی ساری کارکردگی صرف اشتہارات تک محدود ہے جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔

اصل میں معیشت نہیں بلکہ غربت اور افلاس بلندیوں کو چھو رہی ہے ، مہنگائی کم ہونے کے صرف دعوے ہیں ، عوام گھی ،چینی اور آٹا خریدنے سے قاصر ہیں ۔ پنجاب حکومت رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام رہی ہے ، امدادی رقم کے چیک کن لوگوں کو ملے ہیں کسی کو کچھ معلوم نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ وہ وقت آئے گا جب ملک میں پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہو گی اورنظام میں پیدا ہونے والے بیگاڑ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا ۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات اورڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/وزیر آباد نوید احمد کی ہدایات پراسسٹنٹ کمشنرز/پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ماہ رمضان میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے روانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود ہیں۔سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔اشیاء خوردونوش مہنگی بیچنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ دکانوں/گوداموں کو سیل بھی کیاجا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ کا پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری کے خلاف یکم رمضان سے اب تک 20دنوں میں 07لاکھ12ہزار687 سے زائد چھاپہ مار کاروائیاں کی گئیں اور 2061 خلاف ورزیوں پر 67 لاکھ 01ہزار 05 سو روپے سے زائد کے جرمانے عائد، 37 مقدمات کا اندراج2133افراد گرفتار اور 2896ناجائز منافع خوری میں ملوث چکن شاپس، گوداموں ودکانوں کو سیل کردیا گیا۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے اشیائے ضروریہ کی مہنگے داموں فروخت کے حوالے سے درجنوں مارکیٹوں پر چھاپہ مار کاروائیاں کیں اور مصنوعی مہنگائی کا سبب بننے والے دوکانداروں کو جرمانے عائد کیے۔