پانی کا عالمی دن، ارتھ آور ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی یاد دلاتا ہے ، چیئرمین واپڈا

ہفتہ 22 مارچ 2025 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) چیئرمین واٹر اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر) نے کہا ہے کہ 22 مارچ 2025 عالمی برادری کے لیے ایک اہم دن ہے کیونکہ اس دن ہم سب مل کر ورلڈ واٹر ڈے اور ارتھ آور منا تے ہیں۔ یہ دو سرگرمیاں ہمیں آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے اور زمین کے نازک ماحولیاتی نظام کی حفاظت کی فوری ضرورت کی یاد دلاتی ہیں۔

پانی کے عالمی دن اور ارتھ آور کے موقع پر ہفتہ کو اپنے پیغام میں چیئرمین واپڈا نے کہا کہ جب ہم پانی کا عالمی دن مناتے ہیں، تو ہم ان قدرتی آبی ذخائر کو محفوظ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ، اپنے گلیشیئرز کے تحفظ کے موضوع پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ گلیشیئرز، ہمارے دریاؤں کی لائف لائنز اور میٹھے پانی کا ایک اہم ذریعہ ہیں جو گلوبل وارمنگ کی وجہ سے تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے استحکام اور خوشحالی کے لیے ہم ان قدرتی ذخائر کی حفاظت اور پانی کے پائیدار انتظام کو فروغ دینے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی دنیا ارتھ آور منانے کے لیے لائٹس بند کر تی ہے تو ہم عالمی تحریک میں شامل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ علامتی اشارہ ہمیں اپنے کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کی ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔

چیئرمین واپڈا نے کہاموجودہ 9,500 میگاواٹ صاف، قابل تجدید ہائیڈل انرجی کی تنصیب کی صلاحیت کے ساتھ، واپڈا کم کاربن کی ترقی کی طرف پاکستان کی منتقلی میں سب سے آگے ہے۔ ہمارے جاری میگا پراجیکٹس - جن میں دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ شامل ہیں ، ان کے ذریعے ہم نہ صرف توانائی کی پیداوار میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ پانی کے ذخیرے میں بھی اضافہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2029-30 تک، واپڈا کا ہدف ہے کہ پانی کے ذخیرے میں 9.7 MAF شامل کریں اور اس کی ہائیڈل صلاحیت کو دوگنا کر کے نیشنل گرڈ میں مزید 10,000 میگاواٹ گرین بجلی شامل کی جائے۔ یہ کوششیں پاکستان کے وسیع تر موسمیاتی وعدوں اور محفوظ، پائیدار اور سرسبز مستقبل کے لیے ہمارے وژن سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ واٹر ڈے اور ارتھ آور کے موقع پر آئیے ہم کرہ ارض اور اس کے قیمتی وسائل کی حفاظت کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کریں۔