پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے متنازعہ چولستان کینال کی تعمیر کے خلاف احتجاجی مظاہروںکا اعلان

اتوار 23 مارچ 2025 20:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے متنازعہ چولستان کینال کی تعمیر کے خلاف 25 مارچ بروز منگل کو سندھ کے تمام اضلاع میں اعلان کردہ احتجاجی مظاہروں کے سلسلے میں پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کی جانب 25 مارچ بروز منگل روزہ افطاری کے بعد ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا، اس بات کا اعلان آج پارٹی کے ضلعی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جو ضلعی جنرل سیکریٹری کی رہائش گاہ لطیف آباد میں منعقد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات عاجز دھامرہ نے کہا کہ چولستان کینال منصوبہ سندھ کو پیاسا مارنے کی سازش کی کڑی ہے اور یہ سازش کئی دہائیاں پرانی ہے، پہلے کالاباغ ڈیم کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کرکے سندھ کے پانی پہ ڈاکہ مارنے کی کوشش کی گئی تھی جسے پیپلز پارٹی نے سندھ کی عوام کے ساتھ مل کر ناکام بنایا تھا انشااللہ آج بھی پیپلز پارٹی ہی اپنے لوگوں کے ساتھ مل کر اس ناپاک منصوبے کو بھی ناکام بنائے گی۔

(جاری ہے)

آج پیپلز پارٹی اور پارٹی قیادت کے خلاف مذموم مہم وہ لوگ چلا رہے ہیں جنہوں نے اپنے ادوار میں وزراتوںاور مناصب کے بدلے سندھ کے پانی اور حقوق کا سودا کیا تھا، ہم نہیں بھولے کہ 1991 میں نواز شریف حکومت میں جام صادق نے اپنی وزارت اعلی کے لیئے پانی کا معاہدہ کرکے سندھ کے حصے میں کٹوتی کروائی، چشمہ لنک کینال جو صرف سیلاب کے پانی سے سیراب کرنے کے لیئے بنایا گیا تھا 1991 کے پانی معاہدے کے تحت سارا سال سندھو کے پانی سے سیراب کیا جانے لگا، ہم یہ بھی نہیں بھولے کہ 1997 میں پیر صاحب پگارا اور ان کی جماعت نے کالاباغ ڈیم کے حق میں سندھ کی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیئے نہ صرف ریلیاں نکالیں تھیں بلکہ پیر پگارا نے اپنے بیانات میں کالاباغ ڈیم کی حمایت کی تحریک چلائی، ہم لیاقت جتوئی کا کالاباغ ڈیم کی حمایت میں پرویز مشرف کا جلسہ بھی نہیں بھولے اور نہ ہی جلال محمود شاہ کی جانب سے پیپلز پارٹی کو کالاباغ ڈیم کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے سے روکنا بھولے ہیں آج وہی سندھ دشمن قوتیں ایک بار پھر سندھ کی وحدانیت پر حملہ آور ہیں مگر پیپلز پارٹی ان دھرتی دشمنوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی اور اہنیپانی کے ایک ایک قطرے کا دفاع کرے گی، اظہر سیال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان کمر کس لیں پانی پہ اگر جنگ کرنی پڑی تو بھی تیار ہیں اور 25 مارچ بروز منگل اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے جسے بھرپور شرکت کرکے کامیاب بنانا ہم سب کی قومی ذمیداری ہے، جنرل سیکریٹری وسیم راجپوت نے کہا کہ قیادت نے بروقت مظاہروں اور احتجاجی تحریک کا آغاز کرکے سندھ کی عوام کے دل جیت لیئے ہیں ہم عہد کرتے ہیں کہ پارٹی کے پلیٹ فارم سے سندھو کی حفاظت کرنے کی اپنی قومی ذمیداری فرض سمجھ کر نبھائیں گے ۔

اس موقع پہ ضلعی سیکرٹری اطلاعات احسان ابڑو ، لالا مراد پٹھان، پاشا قاضی، عاقل سموں ڈاکٹر نثار میمن سمیت پارٹی کی ذیلی تنظیموں کے صدور نے بھی خطاب کیا اور 25 مارچ بروز منگل شام ساڑھے سات بجے ڈسٹرکٹ کونسل بلڈنگ سے پریس کلب تک ریلی نکال کر سخت احتجاج کرینے کے عزم کا اعادہ کیا۔