عوام کے ساتھ ہاتھ ہو گیا، نہ پٹرول، ڈیزل سستے ہوئے، نہ ہی بجلی سستی ہو گی

بلند و بانگ دعوے کرنے والی حکومت بجلی سستی کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو راضی کرنے میں ناکام ہو گئی

muhammad ali محمد علی پیر 24 مارچ 2025 20:08

عوام کے ساتھ ہاتھ ہو گیا، نہ پٹرول، ڈیزل سستے ہوئے، نہ ہی بجلی سستی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 24 مارچ 2025ء ) عوام کے ساتھ ہاتھ ہو گیا، نہ پٹرول، ڈیزل سستے ہوئے، نہ ہی بجلی سستی ہو گی، بلند و بانگ دعوے کرنے والی حکومت بجلی سستی کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو راضی کرنے میں ناکام ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 سال کی کم ترین سطح پر آ جانے کے باوجود حکومت کی جانب سے یہ کہہ کر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم نہ کی گئیں کہ بجلی کی قیمت کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔

حکومت ذرائع کی جانب سے بلند و بانگ دعوے کرتے ہوئے کہا گیا کہ وزیر اعظم 23 مارچ کو بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی کا تاریخی اعلان کریں گے۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع کی جانب دعوے کیے گئے تھے کہ وزیراعظم 23 مارچ کو قوم سے خطاب میں بجلی کے نرخوں میں 8 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کریں گے، تاہم وزیر اعظم نے یوم پاکستان کی اپنی تقریر میں ایسے کسی ریلیف پیکج کا اعلان نہیں کیا۔

(جاری ہے)

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 13 روپے تک کمی کا امکان تھا تاہم وزیراعظم آفس نے 15 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے مالی اثرات کو بجلی کے صارفین پر منتقل کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اعلان کیا گیا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ ایک پیکیج تیار کیا جارہا ہے۔

دعوٰی کیا گیا کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے کے بجائے عوام کو بجلی سستی کر کے ریلیف دے گی۔ تاہم اب میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے دیگر کئی دعووں کی طرح بجلی سستی کرنے کے دعوے اور وعدے بھی وفا نہ ہو سکے۔ بتایا گیا کہ حکومت بجلی کی قیمت میں نمایاں کمی کیلئے آئی ایم ایف کو راضی نہیں کر سکی۔ اس کا اثر پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں دیکھا گیا جب مارکیٹ 2 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی کا شکار ہو گئی۔