معمول سے کم بارشوں کے باعث تربیلا اورمنگلا ڈیمز میں پانی کی شدید کمی، خشک سالی کا الرٹ جاری

مجموعی طور پر پاکستان میں یکم ستمبر 2024 سے 21مارچ 2025 تک بارش کا حجم معمول سے 40فیصد کم رہا

منگل 25 مارچ 2025 16:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)معمول سے کم بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیمز میں پانی کی شدید کمی واقع ہوئی ہے جس کے باعث محکمہ موسمیات نے خشک سالی کا الرٹ جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں نے ملک کے وسطی اور بالائی حصوں میں خشک سالی کی حالت کو بہتر کیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے جنوبی حصوں اور پنجاب کے زیریں مشرقی میدانوں میں خشک سالی کی حالت برقرار ہے۔

مجموعی طور پر پاکستان میں یکم ستمبر 2024 سے 21مارچ 2025 تک بارش کا حجم معمول سے 40 فیصد کم رہا۔

(جاری ہے)

بارش کی سب سے زیادہ کمی سندھ میں 62 فیصد، بلوچستان میں 52 فیصد اور پنجاب 38 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔خیبر پختونخواہ میں 35 فیصد، آزاد جموں و کشمیر میں 29 اور گلگت بلتستان میں 2 فیصد معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔تربیلا اور منگلا ڈیمز میں محفوظ پانی کی شدید کمی ہے جبکہ ملک کے مختلف دریاں میں پانی کا بہا ئوانتہائی کم سطح پر ہے۔ ملک کے جنوبی علاقوں کے کچھ حصے 200 سے زائد دن گزر جانے کے بعد بھی بارش سے محروم ہیں، متاثرہ علاقوں میں خشک سالی کی صورتِ حال مزید بگڑ سکتی ہے۔آئندہ ماہ ملک میں بارشیں معمول سے کم ہونے کا امکان ہے، بڑھتے درجہ حرارت کے پیش نظر خشک سالی کا خطرہ رہے گا۔