امریکی صدر کا غیرملکی گاڑیوں کی درآمد پر 25 فیصد ٹیرف کا اعلان

جمعرات 27 مارچ 2025 10:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام غیرملکی گاڑیوں اور منی ٹرکس کی درآمد پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم نے امریکی اقدام کو اپنے ملک پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق امریکی صدر نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف ایسی غیرملکیوں گاڑیوں کے لئے ہے جو امریکا کی سرزمین پر تیار نہیں ہوتیں۔

اعلان کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وضاحت بھی کی کہ یہ ٹیرف مستقل بنیادوں پر ہو گا۔ انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ جو غیرملکی گاڑیاں امریکا کے اندر تیار ہوتی ہیں ان پر یقیناً یہ ٹیکس لاگو نہیں ہو گا۔ دوسری جانب پڑوسی ملک کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا آٹو ٹیرف ہمارے ملک پر براہ راست حملہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی کمپنیوں اور اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔جواباً کسی ممکنہ اقدام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے لئے وہ پہلے امریکی صدر کے ایگزیکٹیو آرڈ کی تفصیلات کا جائزہ لیں گے۔ اس سے قبل مارک کارنی نے امریکی ٹیرف سے متاثر ہونے والی آٹو انڈسٹری کے لئے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے سٹریٹجک رسپانس فنڈ کا اعلان کیا تھا ۔ کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ آٹو انڈسٹری کا ہماری اہم برآمدات دوسرا بڑا حصہ ہے اور کینیڈا کے ایک لاکھ کینیڈینز براہ راست اور پانچ لاکھ اس سے جڑے دوسرے شعبوں میں کام کرتے ہیں۔