Live Updates

چیئرمین صدر ٹائون کا صدر کی مارکیٹوں کا دورہ، عید کی تیاریوں کا جائزہ

عید کے موقعہ پر تاجروں اور خریداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے، منصور احمد شیخ

جمعرات 27 مارچ 2025 17:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)چیئرمین صدر ٹاؤن کراچی اور پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر، منصور احمد شیخ نے صدر کے مختلف تجارتی مراکز، جن میں زینب مارکیٹ، مدینہ شاپنگ سینٹر، ریکس مارکیٹ، وکٹوریہ مارکیٹ اور انٹرنیشنل مارکیٹ شامل ہیں، کا دورہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے عبداللہ ہارون روڈ پر قائم پولیس رپورٹنگ کیمپ کا بھی جائزہ لیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منصور احمد شیخ نے کہا کہ عید کی خریداری کے دوران مارکیٹوں میں رش بڑھنے کے باعث تاجروں اور خریداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹان انتظامیہ نے مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے روشنی، سڑکوں کی مرمت، فٹ پاتھوں پر پیور بلاکس کی تنصیب، ٹریفک کی روانی اور تجاوزات کے خاتمے جیسے اہم اقدامات کیے ہیں، جن سے خریداری کے لیے آنے والی فیملیز مستفید ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

منصور احمد شیخ نے کہا کہ عوامی خدمت پی ٹی آئی کا منشور ہے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، پارکوں کی تزئین و آرائش اور وائی فائی زون کے قیام جیسے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان عوام کے حقیقی لیڈر ہیں، جنہیں بغیر کسی جرم کے 600 دن سے قید میں رکھا گیا ہے۔ ان کی قربانیوں نے عوام کے دلوں میں ان کی محبت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ انشااللہ، عمران خان بہت جلد سرخرو ہوں گے اور ملک میں انصاف کی حکمرانی قائم ہوگی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات