Live Updates

نیوزی لینڈ کو 200 سے کم سکور پر محدود رکھنے کی کوشش کریں گے، عاقب جاوید

ٹی ٹونٹی سیریز میں پچز کافی مشکل تھیں، ون ڈے کرکٹ میں ہماری ٹیم کافی بہتر ہے، امید ہے کہ ہمارے نوجوان ایشیائی کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کریں گے : عبوری کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 مارچ 2025 12:18

نیوزی لینڈ کو 200 سے کم سکور پر محدود رکھنے کی کوشش کریں گے، عاقب جاوید
نیپئر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 مارچ 2025ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ کوشش کریں گے نیوزی لینڈ کو 200 سے کم سکور پر محدود رکھیں۔ 
عبوری ہیڈ کوچ نے ایک اسپورٹس چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں ہماری ٹیم کافی بہتر ہے، ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پچز کافی مشکل تھیں، مجھے امید ہے کہ ہمارے نوجوان ایشیائی کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کریں گے، نوجوان کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، ہمیں انہیں پورا موقع دینا ہوگا۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی طرح یہاں بھی باؤلنگ کنڈیشن ہوگی، انہوں نے کہا کہ اِن کنڈیشنز میں باؤلنگ پر انحصار کریں گے، ہمارے پاس حارث رؤف بہترین آپشن ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ون ڈے سیریز سے قبل قومی ون ڈے سکواڈ نے خراب موسم اور بارش کے باعث آپشنل انڈور پریکٹس کی۔

(جاری ہے)

 

پی سی بی کے مطابق بیٹرز نے نیٹس میں تھرو ڈاؤن پر بیٹنگ مشقیں کیں۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل نیپئر میں کھیلا جائے گا جو مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم محمد رضوان کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں بابر اعظم، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، امام الحق شامل ہیں۔ 
نیوزی لینڈ کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے اور انہیں ڈیرل مچل، جیکب ڈفی، مارک چیمپئن، ول ینگ، ول اوروک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔

 
ٹی 20 سیریز میں پاکستان کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور اسے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ 2 اپریل کو ہیملٹن جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 5 اپریل کو ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلا جائے گا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات