مستونگ ،اختر مینگل کے احتجاجی دھرنے کے قریب خودکش دھماکہ، 2افراد معمولی زخمی

ہفتہ 29 مارچ 2025 17:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2025ء) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کے احتجاجی دھرنے کے قریب خودکش دھماکہ، دو افراد معمولی زخمی ہوگئے۔ لیویز حکام کے مطابق ہفتہ کو بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی سربراہی میں مستونگ کے علاقے لکپاس کے مقام پر دھرنے کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور ہلاک جبکہ دو افراد معمولی زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھرنے کی حفاظت پر مامور افراد نے ایک مشکوک شخص کو دھرنا گاہ کی طرف آتے ہوئے دیکھا اور اسے روکنے کی کوشش کی تاہم حملہ آور نے پہلے خود کو اڑانے کی کوشش کی تاہم دھماکہ خیز مواد پھٹ نہ سکا جس پر اس نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اسی اثنا میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

بی این پی کے رہنماوں کے مطابق دھماکے کے وقت سردار اختر جان مینگل، نواب محمد خان شاہوانی، ساجد ترین سمیت دیگر قیادت اور کارکنوں کی بڑی تعداد دھرنے میں موجود تھی۔

واقعہ کے بعد خودکش حملہ آور کے اعضاء دور دور تک بکھر گئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے اور حملہ آوروں کی تلاش کا سلسلہ شروع کردیا۔ترجمان بلو چستان حکومت شاہد رند کے مطابق حکومت بلوچستان گزشتہ رات سے بی این پی کی قیادت کیساتھ رابطے میں ہے بی این پی مینگل کے ایک وفد کی گزشتہ رات بھی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی جسکے بعد آج حکومتی وفد کا سردار اخترمینگل سے ملاقات پر اتفاق ہوا بلوچستان حکومت واقعے کی مکمل چھان بین کررہی ہے انکوائری کے نتائج سے عوام کو جلد آگاہ کیا جائے گا دھرنے کے شرکاء بشمول سردار اختر مینگل، دیگر قیادت اور عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے سردار اختر مینگل، بی این پی اور عوام سے گزارش ہے کہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور بات چیت سے صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد کریں۔