اہلیہ کو حساس ملاقاتوں میں ساتھ لانے پر امریکی وزیر دفاع ہیگستھ کو نئے بحران کا سامنا

وزیر دفاع اپنی اہلیہ جینیفر کو غیر ملکی فوجی اہلکاروں کے ساتھ کم از کم دو ملاقاتوں کے لیے ساتھ لے کر گئے،رپورٹ

اتوار 30 مارچ 2025 10:55

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2025ء)اس وقت جب ’’سگنل سکینڈل‘‘کی بازگشت امریکہ میں اب بھی گونج رہی ہے، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے لیے نیا بحران کھڑا ہوگیا ہے۔ سگنل سکینڈل میں یہ ہوا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے اہم سکیورٹی مشیروں نے یمن میں حوثی اڈوں پر ایک فوجی حملے پر بات کرنے کے لیے اس مفت پیغام رسانی کی ایپلی کیشن کا استعمال کیا تھا اور غلطی سے معلومات ایک صحافی کو بھیج دی تھی۔

یک امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اپنی اہلیہ کے ساتھ غیر ملکی حکام کے ساتھ "حساس ملاقاتوں" کے لیے گئے۔ ان کی اہلیہ فاکس نیوز میں بطور پروڈیوسر کام کرتی ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیر دفاع اپنی اہلیہ جینیفر کو غیر ملکی فوجی اہلکاروں کے ساتھ کم از کم دو ملاقاتوں کے لیے ساتھ لے کر گئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دو ملاقاتوں میں سے ایک برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی کے ساتھ 6 مارچ کو پینٹاگون میں ہوئی تھی اور بات چیت میں روس کے ساتھ جنگ کے دوران یوکرین کے لیے انٹیلی جنس سپورٹ روکنے کا امریکہ کا فیصلہ بھی شامل تھا۔

دوسری میٹنگ گزشتہ فروری میں برسلز میں نیٹو کے ہیڈکوارٹر میں ہوئی تھی۔ یہ کئی ممالک کے حکام کا ایک اجتماع تھا جس میں کیف کی حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں یہ بھی اشارہ کیا گیا کہ میٹنگز میں کچھ غیر ملکی شرکا کو معلوم نہیں تھا کہ جینیفر ہیگستھ کون ہے۔یاد رہے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جمعہ کو تصدیق کی تھی کہ غلطی سے صحافی کے شامل ہونے کے بعد سگنل ایپلیکیشن پر میسجنگ لوپ میں سیکیورٹی کی خرابی کے بعد کسی بھی امریکی اہلکار کو برطرف نہیں کیا جائے گا۔

ان پیغامات کے تبادلے میں سینئر امریکی حکام یمن میں حوثیوں پر حملوں پر بات کر رہے تھے۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ امریکی صدر کو کسی کو برطرف کرنے پر مجبور کر سکتے ہیں تو آپ غلط ہیں۔