عید کی خریداری کیلئے جانے والے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کار کی ٹکر سے جاں بحق

حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 62 سالہ عبدالستار اور 50 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی، کار سوار گرفتار

Sajid Ali ساجد علی اتوار 30 مارچ 2025 13:14

عید کی خریداری کیلئے جانے والے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کار کی ٹکر ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید کی خریداری کیلئے جانے والے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کار کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی میں مائی کلاچی روڈ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی، حادثے کے نتیجے میں عید کی خریداری کےلیے جانے والے میاں بیوی جاں بحق اور ان کی بچی شدید زخمی ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت 62 سالہ عبدالستار اور 50 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی، متوفین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے میاں بیوی بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی تھے اور عید کی خریداری کے لیے جارہے تھے جن کی زخمی بچی کی حالت تشویشناک ہے اور اس کا اسپتال میں علاج جاری ہے جب کہ حادثے کے بعد پولیس نے کار کے ڈرائیور حسام کو ہسپتال سے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے 26 مارچ کو کراچی کے علاقہ شاہراہ فیصل پر سڑک کنارے موٹرسائیکل روک کر افطار کرنے والے میاں بیوی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے تھے، جاں بحق میاں بیوی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے، خاتون اقصیٰ نارتھ کراچی کے سکول میں ٹیچر تھی اور اس کا شوہر ایاز فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور دونوں ملازمت سے واپس آرہے تھے کہ اس دوران راستے میں افطاری کا وقت ہوا تو وہیں روڈ کنارے رک کر میاں بیوی روزہ افطار کر رہے تھے کہ تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماردی۔