کینال سسٹم کو مزید نئے خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ، وزیر آبپاشی بلوچستان

جمعرات 3 اپریل 2025 13:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) وزیر آبپاشی بلوچستان میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ کینال سسٹم کو مزید نئے خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اس سے نہ صرف کاشتکاروں کی خوشحالی بلکہ علاقے کا امن اور لوگوں کی خوشحالی وابستہ ہے۔ انہوں نے عوامی وفود سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ کاشتکاروں کو مزید معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی فراہم کیا جائے،تمام انجینئرز محکمے کی کارگردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں ،کاشتکاروں کے مسائل حل کر کے ہی دم لیں گے ،بہت جلد حلقے میں کئی کلومیٹر طویل روڈ تعمیر کیے جائیں گے جس سے عوام صحیح معنوں میں مستفید ہو سکیں گے۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر میر بلال صادق عمرانی سمیت دیگر سیاسی ،سماجی و قبائلی عمائدین اور علاقہ معتبرین موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لوگوں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ،جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست عوام کے سامنے کھلی کتاب کی مانند ہے ہم نے ہر دور اقتدار میں عوام کی بلا امتیاز خدمت کی ، عوام کے اعتماد کو بحال رکھنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی عوام کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے جائز بنیادی مسائل کی نشاندہی کریں تاکہ ان مسائل کا تدارک کیا جا سکے۔