وزیرداخلہ سندھ ضکی زیر صدارت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی مناسبت سے سیکیورٹی پلان بارے اجلاس

جمعرات 3 اپریل 2025 17:36

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت ایس ایس پی آفس لاڑکانہ میں اجلاس ہوا جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی مناسبت سے ترتیب کردہ سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو ڈی آئی جی لاڑکانہ نے اس دن کی مناسبت سے مربوط و ٹھوس سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ مجموعی سیکیورٹی ڈپلائمنٹ کو انکے فرائض کی بابت بریفنگ دیدی گئی ہے، پیٹرولنگ، پکٹنگ، واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی سسٹم، واچ ٹاورز میٹل ڈٹیکرز جیمرز بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ٹریفک کی روانی کے لیے لفٹرز سمیت پولیس کی پیٹرولنگ بھی جاری رہے گی، اجلاس میں پولیس ڈپلائمنٹ کے قیام طعام سمیت دیگر سہولیات کے متعلق بھی آگاہی دی گئی، اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ سیکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کرواکر بین الاضلاعی روابط کو مذید ٹھوس اور مربوط بنایا جائے، گڑھی خدا بخش، نوڈیرو جانیوالے مرکزی روٹس کو کلیئر کیا جائے، مزار کے اندرونی و اطراف کے علاقوں میں سادہ لباس اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جینس کلیکش اور فالونگ کے عمل کو فول پروف بنایا جائے، داخلی و خارجی راستوں پر پکٹنگ، ریکی اور ناکہ بندی کو مذید سخت کیا جائے، تمام ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز و ایس ایچ اوز عملاً فیلڈ میں آئیں اور سیکیورٹی اقدامات کو مانیٹر کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر صوبوں سے آنے اور سندھ کے شہروں سے مزار کی طرف جانیوالے قافلوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، قبل اذیں لاڑکانہ آمد پر وزیر داخلہ و آئی جی سندھ کو پولیس کے خصوصی دستے نے سلام پیش کیا۔