ہمیشہ عوام کے حقوق اورفلاح وبہبود کے لیے جدوجہد کی ہے، نذیرخان اچکزئی

جمعرات 3 اپریل 2025 22:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2025ء) سابق ترجمان گورنر ہائوس بلوچستان نذیر خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق ضلعی صدر ضلع چمن فیصل باری اچکزئی نے سینئر سیاسی رہنما ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔اس موقع پر نذیر خان اچکزئی اور فیصل باری اچکزئی نے ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی کی عوامی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بلند پایہ شخصیت ہیں، جنہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے جدوجہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ جلد مکمل صحت یاب ہو کر اپنی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

(جاری ہے)

اس ملاقات کے دوران نذیر خان اچکزئی اور فیصل باری اچکزئی نے ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی کو عید الفطر کی مبارک باد بھی دی اور اس پرمسرت موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید خوشی، بھائی چارے اور یکجہتی کا پیغام دیتی ہے، اور ہمیں ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہیے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی کے فرزند اکبر خان اچکزئی باچا خان اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے نذیر خان اچکزئی اور فیصل باری اچکزئی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے خلوص اور نیک جذبات کو سراہا۔