نوشہرہ ،امن وامان کی خراب صورتحال ،مفتی حاکم علی نے عوامی مارچ کا اعلان

واپڈا اور محکمہ گیس اپنا قبلہ درست کریں، اگرنہ کیا تو فیصلے میدان میں ہونگے، تقریب سے خطاب

جمعرات 3 اپریل 2025 23:04

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء)نوشہرہ میں امن وامان کی خراب صورتحال پرمفتی حاکم علی نے عوامی مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ واپڈا اور محکمہ گیس اپنا قبلہ درست کریں، اگرنہ کیا تو فیصلے میدان میں ہونگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام کے مرکزی ایکزیکٹیو کونسل کے رکن، صوبائی شوری اور سابق ناظم مفتی حاکم علی حقانی نے ضلع بھر کے کارکنوں کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا تھا،جس میں کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی حاکم علی حقانی ،مولانا زاہد حسین، حاجی یعقوب خان، مولانا نعیم الحق ،قاری ذاکر اعظم اور مولانا نعمان حقانی، حاجی محمد خان مشوانی، قاری ریاض اللہ ،قاری ظہوراحمد ،حاجی خلیل الرحمن نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے کارکنان قیمتی اثاثہ ہیں. جنہوں نے ہر مشکل وقت میں حق کا ساتھ دیا. اور ظلم اور ظالم کے خلاف میدان میں کھڑے رہی.

ہمارے شاہینوں نے کبھی اپنے قائد حضرت مولانا فضل الرحمن کو مایوس نہیں کیا. انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے رمضان پیکیج کو غریب اور مستحق افراد کی بجائے قومیں خزانے کو اپنے چہیتوں میں تقسیم کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا کہا کہ نوشہرہ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہی. موبائل و موٹرسائیکل سنیچنگ، ڈاکہ زنی، چوری، مساجد سے سولرسسٹم کی چوری اور قتل روز کا معمول بن چکا ہی.

سوئی گیس اور واپڈا والوں نے رمضان المبارک کا لحاظ نہیں کیا. اور ظالمانہ لوڈشیڈنگ کرکے عوام کو تکلیف سے دوچار کیا. ہم اس اجتماع کی وساطت سے کہنا چاہتے ہیں کہ نوشہرہ کے عوام سوئے نہیں. تمام محکمے اپنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر میدان میں نکل کر عوام کا حق لینا اور چھیننا جانتے ہیں. انہوں نے کہا کہ امن مارچ کے حوالے سے جلد نوشہرہ کے تمام سیاسی جماعتوں، تاجر، اور سماجی حلقوں کا اجلاس بلائیں گے جس میں امن مارچ اور دیگر مسائل کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی اور تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔