رمضان المبارک کے دوران 19 مارچ 2025 کو اغوا ہونے والے ان کے بیٹے محمد فرخ کو بازیاب کرایا جائے، گلزار احمد

جمعرات 3 اپریل 2025 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2025ء) ٹنڈو جام کے رہائشی ریٹائرڈ فوجی گلزار احمد نے آرمی چیف، آئی جی پولیس سندھ اور ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران 19 مارچ 2025 کو اغوا ہونے والے ان کے بیٹے محمد فرخ کو بازیاب کرایا جائے۔

(جاری ہے)

گلزار احمد نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بیٹا نماز پڑھنے گھر سے نکلا تھا کہ اچانک لاپتہ ہو گیا، وہ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں فائنل ایئر کا طالبعلم ہے، انہوں نے بتایا کہ جب محمد فرخ کے فون پر رابطہ کیا گیا تو جواب ملا کہ محمد فرخ اغوا ہو چکا ہے اور پولیس کو اطلاع دیئے بغیر 20 لاکھ روپے تاوان ادا کیا جائے، ورنہ اس کی لاش ملے گی، انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کی اطلاع ٹنڈو جام پولیس کو دی گئی، لیکن 16 دن گزرنے کے باوجود سی ڈی آر کے علاوہ پولیس کیس میں کوئی پیش رفت نہ کر سکی۔

اس سے پہلے بھی ٹنڈو جام سے تاجر ناصر نظامانی کو اغوا کیا گیا تھا، جس کی لاش ملی تھی، انہوں نے کہا کہ ہمارے دل میں کئی خدشات پیدا ہو رہے ہیں، خدارا میرے بیٹے کو صحیح سلامت بازیاب کرایا جائے۔