ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت اجلاس ،کونسٹنٹیا لاج سے متعلق قانونی تنازعات پر بریفنگ دی گئی

جمعہ 4 اپریل 2025 23:03

ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت اجلاس ،کونسٹنٹیا لاج سے متعلق قانونی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2025ء)وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ضلع مری میں واقع کونسٹنٹیا لاج سے متعلق قانونی تنازعات کے حل کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی بحث کے لئے خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس، ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

یہ اجلاس وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر طلب کیا گیا تاکہ ریاست کی ملکیتی جائیداد پر قانونی چارہ جوئی کے امور کے جلد تصفیے کے لئے یکسوئی سے کوششیں کی جائیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی نے مری میں کشمیر پوائنٹ پر واقع اسٹیٹ نمبر 43 اور 44 کونسٹنٹیا لاج کی پراپرٹی کی تفصیلات اور قبضے کی حیثیت پر بریفنگز دیں۔

(جاری ہے)

یہ 4.6 ایکڑ کی پیمائش کرنے والی ایک بیش قدر پراپرٹی ہے۔ اس پر کئی تجاوزات کے ساتھ جائیداد کے تین دعویدار ہیں ماضی میں یہ لاج غیر ملکی مشنز کی رہائش کے لئے دفتر خارجہ کے زیر استعمال رہی اور اسے برازیل کے سفارت خانے کو بھی لیز پر دیا گیا لیکن بعد میں اسے 1999 ء میں پاک پی ڈبلیو ڈی کو منتقل کر دیا گیا۔ جاری مقدمہ بازی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مختلف عدالتوں میں چھ جاری مقدمات ہیں اور حال ہی میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے معاملے کا جلد از جلد فیصلہ کرنے کے لئے کمشنر راولپنڈی کو کیس کی از سر نو سنوائی کا حکم دیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام فریقین کو سننے اور محصولات کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد کمشنر راولپنڈی اس کیس پر فیصلہ کرے گا۔ کمشنر کے حکم سے میرٹ پر تمام دعویداروں کے حق کو واضح کیا جائے گا اور اس کے بعد ان تمام لوگوں کے خلاف مجرمانہ کارروائی شرو ع کی جائے گی جو سالہا سال سے جھوٹے دعووں اور جعلی دستاویزات کے ذریعے عدالتوں اور ریاستی دفاتر کو گمراہ کررہے ہیں۔