قیمتی گاڑی کو ٹکر مارنے پر خاتون نے ٹریلر ڈرائیور پر گولیاں چلا دیں

پولیس نے خاتون اور ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرتے ہوئے ایک ہی ایف آئی آر میں دونوں کو نامزد کر دیا، خاتون اور ٹریلر کا ڈرائیور، دونوں غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہے تھے، مقدمے کا متن

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 5 اپریل 2025 12:55

قیمتی گاڑی کو ٹکر مارنے پر خاتون نے ٹریلر ڈرائیور پر گولیاں چلا دیں
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05اپریل 2025) کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں قیمتی گاڑی کو ٹکر مارنے پر خاتون نے ٹریلر ڈرائیور پر گولیاں چلا دیں، پولیس نے خاتون اور ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا،پولیس نے دونوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے ایک ہی ایف آئی آر میں دونوں کو نامزد کر دیا، تفصیلات کے مطابق عیسیٰ نگری کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ٹریلر نے گاڑی کو ٹکر ماری جس پر طیش میں آکر خاتون نے ٹریلرڈرائیور پر گولیاں چلادی ڈرائیور ٹریلر سے اتر کر بھاگا اور پولیس کے پیچھے چھپ گیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریلر ڈرائیور اور خاتون کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا جہاں دونوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق خاتون اور ٹریلر کا ڈرائیور، دونوں غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ٹریلر نے آگے نکلنے کی کوشش کی تو کار کو سائیڈ لگ گئی جس پر خاتون طیش میں آگئی اور پستول نکال لیا۔مدعی پولیس افسر کے مطابق خاتون نے غصے میں پستول نکالی اور ہوائی فائرنگ شروع کردی۔

خاتون نے اپنا نام علیشہ عامر بتایا جبکہ ٹرک ڈرائیور نے اپنا نام ظفر اقبال بتایا ہے۔مدعی کے مطابق ملزمہ علیشہ نے نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی موقع پر پیش کردیا۔ خاتون کا عمل دفعہ 337 کی حد کو پہنچتا ہے۔ دونوں کی گاڑیاں ضبط کرکے خاتون کو وومن تھانے اور ڈرائیور کو پی آئی بی پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں بلال کالونی کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ٹریفک افسر زخمی ہوگیاجسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر عارف شاہ کو بازو میں گولی لگی ہے ۔پولیس نے واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے ۔ اسی طرح کے ایک اور افسوسناک واقعہ میں سپر ہائی وے پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر کرنے پر خاتون کو قتل کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ فقیرہ گوٹھ، پریشان چوک کے قریب واقعہ پیش آیا جہاں دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے میاں بیوی سے لوٹ مار کی۔اس دوان خاتون نے دوران ڈکیتی مزاحمت کی تو ڈاکو نے گولی چلا دی جس سے خاتون موقع پر دم توڑ گئی۔ جاں بحق خاتون کی شناخت 26 سالہ صائمہ زوجہ عرفان کے نام سے ہوئی ہے۔