تحریک انصاف کی حکومتیں پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومتیں ثابت ہوئیں، اختیارولی خان

ہفتہ 5 اپریل 2025 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2025ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیراعظم کے کوارڈینیٹر اختیارولی خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومتیں پاکستان کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومتیں ثابت ہوئیں، گنڈاپور حکومت نے کرپشن کے سابقہ ریکارڈ بھی توڑ ڈالے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی علی امین گنڈاپور کے بیان پر ردعمل میں اختیارولی نے کہا کہ تحریک انصاف بیک ڈور سازشوں کے ذریعے حکومت میں آئی، بانی پی ٹی آئی آج بھی کسی چور دروازے کی تلاش میں اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کیلئے منتیں کر رہا ہے۔

اختیارولی خان نے کہا کہ پاک فوج کرپشن میں لتھڑی تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر اپنا دامن داغدار نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آٹھ حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے، بانی پی ٹی آئی بھی کنٹرول کھو چکے ہیں۔ اختیارولی خان نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پورا پاکستان خوش جبکہ پی ٹی آئی والوں کو دورے پڑ رہے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کی سمت درست ہے ۔