پیرس، پی پی یورپ کی صدر آصف زرداری کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد

ہفتہ 5 اپریل 2025 22:10

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کی جانب سے صدر آصف علی زرداری کی جلد صحت یابی اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ کی زیر صدارت مقامی کیفے ٹیریا میں پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کے موقع پر محفل سجائی گئی جس میں ن لیگ کی نمائندگی سینئر رہنما چوہدری ریاض بھاپا، راجہ محمد اقبال اور رزاق مغل نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں جمہوریت، غریب عوام کے حقوق کیلیے جتنی جانی و مالی، قید و بند کی قربانیاں پی پی پی نے دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ اگر بعض قوتیں پی پی پی کی عوامی مقبولیت کو چھپانے کیلیے منفی پروپیگنڈا اور اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آ جاتیں تو پاکستان ایک مستحکم خوشحال ملک بن چکا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ جمہوریت بھی شہید بینظیر بھٹو کی مثاق جمہوریت کی بدولت ہے۔اس موقع پر پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو شہید کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔