پی ٹی آئی کی سیاست مفادات کے گرد گھومتی ہے، بلال اظہر کیانی

اتوار 6 اپریل 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے ذاتی ایجنڈا پر قائم ہے۔ہفتہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو معیشت اور دہشت گردی جیسے قومی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں حکومت نے مذاکرات کی متعدد دعوتیں دی ہیں، وہیں پی ٹی آئی مسلسل تعمیری کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست اپنے مفاد کے گرد گھومتی ہے،پی ٹی آئی نے قومی اہمیت کے معاملات پر کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی۔کنال منصوبے کے حوالے سےسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس مسئلے کو اتحادی شراکت داروں کے ساتھ اتفاق رائے سے حل کیا جائے گا،اتحادی شراکت داروں کے ساتھ ہمارا رابطہ برقرار ہے۔

(جاری ہے)

تمام قومی معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کیا جاتا ہے۔

کام کی سطح پر مواصلاتی ذرائع کھلے اور فعال ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ جلد ہی حل ہو جائے گا۔مخلوط حکومت کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ساتھ اتحاد نے معیشت کو مستحکم کرنے اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی عوامی ریلیف کی طرف ایک قدم ہے، ایسے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔