ایف بی آر اصلاحات ، ٹیکسز کی شرح سنگل ڈیجٹ میں لانے کی ضرورت ہے، مختلف کاروبار وں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کا فیصلہ خوش آئند ہے، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی

اتوار 6 اپریل 2025 12:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) صدر آل پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ایف بی آر اصلاحات ، ٹیکسز کی شرح سنگل ڈیجٹ میں لانے کی ضرورت ہے، مختلف کاروبار وں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کا فیصلہ خوش آئند ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کاگرانٹس اور مالی فوائد کی فراہمی کیلئے دکانوں، ورکشاپس ، پیٹرول پمپس ، فیکٹریوں اور چھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ورکرز کی رجسٹریشن کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ غلط استعمال کو روکا جاسکے۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ایف بی آر میں اصلاحات لائی جائیں اور ایف بی آر کی ایک عوام دوست ادارے کے طور پر پہچان بنائی جائے تاکہ لوگ رضا کارانہ طور پر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکسز کی تعداد اورشرح کا زیادہ ہونا بھی ٹیکس نیٹ کے نہ بڑھنے کی بڑی وجہ ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دکانوں، ورکشاپوں ، فیکٹریوں ، پٹرول پمپس اورچھوٹے اداروں میں کام کرنے والے ورکرز کی رجسٹریشن کا فیصلہ درست اقدام ہے اس سے ان کی درست تعداد سامنے آئے گی ۔ اشرف بھٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے لیبر کے لئے راشن کارڈ پروگرام کا جامع پلان طلب کرنے کو بھی قابل تحسین قرار دیا ۔