Live Updates

مایوسی کا خاتمہ ہو رہا ہے، عوام حکومت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں‘ مریم اورنگزیب

عمران خان نے صرف انتشار، بدعنوانی، اور ادارہ جاتی کمزوریوں کو فروغ دیا‘ پریس کانفرنس

اتوار 6 اپریل 2025 17:40

مایوسی کا خاتمہ ہو رہا ہے، عوام حکومت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2025ء)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عید کے موقع پر بجلی کے نرخوں میں کمی کر کے قوم کو ایک تاریخی تحفہ دیا ہے،موجودہ مشکل معاشی حالات میں جب ملک عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ اہم معاہدوں میں مصروف ہے، اس وقت عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کرنا ایک غیرمعمولی اقدام ہے،شہباز شریف نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی واضح اعلان کیا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کی جائے گی اور آج یہ وعدہ پورا ہو چکا ہے، یہ نہ صرف حکومت کی سنجیدگی اور عوام دوستی کا ثبوت ہے بلکہ ایک سال کے اندر اندر عوامی مفادات کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل بھی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے سابقہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 2018 سے 2022 کے درمیان ملک مسلسل معاشی بدحالی کا شکار رہا۔

(جاری ہے)

مہنگائی کی شرح 60 فیصد تک جا پہنچی، روپے کی قدر میں کمی ہوئی، بجلی کے نرخوں میں اضافہ ہوا، اور ملک گرے لسٹ میں شامل کر دیا گیا۔ سابقہ حکومت نے نہ صرف معیشت کو تباہ کیا بلکہ اداروں کو غیر مستحکم کر کے بیرونی دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر پیدا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے صرف ایک یونیورسٹی منصوبے میں 100 ارب روپے ضائع کیے، جبکہ چار سال کا احتساب صرف نعرے بازی اور سیاسی انتقام تک محدود رہا۔ ماضی کی حکومتوں نے ملک کو معاشی دیوالیہ پن کی طرف دھکیلا، لیکن موجودہ حکومت نے بروقت اقدامات سے معاشی استحکام کی بنیاد رکھی ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے ہیں، جن میں رمضان بازاروں کے لیے ایک ارب روپے سے زائد کی سبسڈی شامل ہے۔

اس اقدام سے عوام کو 31 فیصد تک رعایت فراہم کی گئی۔ مزید برآں، مستحق خاندانوں کو گھروں پر راشن فراہم کیا گیا۔صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کے تحت سات لاکھ مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں، سرگودھا میں او پی ڈی مکمل ہو چکی ہے، اور جون میں کینسر کے مریضوں کے لیے خصوصی او پی ڈی کا آغاز کیا جائے گا۔وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حکومت نے پہلی بار وائلڈ لائف، ماحولیات، کلائمٹ چینج، اور فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کر کے پائیدار ترقی کا راستہ اپنایا ہے۔

شہباز شریف کے دور میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کو نئی سمت ملی ہے اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بحال ہوا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کا منشور عوامی فلاح پر مبنی ہے، اور ہر شعبے میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب مایوسی کا خاتمہ ہو رہا ہے، قومی ثقافت کو فروغ مل رہا ہے اور عوام حکومت پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران عمران خان نے صرف انتشار، بدعنوانی، اور ادارہ جاتی کمزوریوں کو فروغ دیا، جبکہ موجودہ قیادت روزانہ کی بنیاد پر عوامی مسائل کا جائزہ لے رہی ہے۔ مریم نواز شریف خود قیمتوں، صحت اور عوامی سہولیات کی نگرانی کر رہی ہیں۔پریس کانفرنس کے اختتام پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ جون میں پیش کیا جانے والا بجٹ بھی عوام کے لیے کئی خوشخبریاں لے کر آئے گا۔ حکومت کا بنیادی مقصد عام آدمی کو سہولیات فراہم کرنا اور مہنگائی میں مزید کمی لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ''ہماری حکومت عوام کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ سفر مسلسل جاری رہے گا۔'' انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ترقی اور استحکام کے اس سفر میں حکومت کا ساتھ دیں-
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات