تعبیر فاؤنڈیشن نے پاکستان بھر میں 5سو سے زائد مستحق خاندانوں میں رمضان راشن پیکجز تقسیم کئے

اتوار 6 اپریل 2025 19:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2025ء) انسانیت اور خدمت کے جذبے کے تحت تعبیر فاؤنڈیشن نے کائنڈ ہارٹس فاؤنڈیشن امریکہ کے اشتراک سے پاکستان بھر میں 500 سے زائد مستحق خاندانوں میں رمضان کے خصوصی راشن پیکجز تقسیم کئے ہیں۔ اس ریلیف مہم کی مالیت 50 لاکھ روپے سے زیادہ ہے جس سے سوات، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد، لاہور اور شیخوپورہ کے کمزور طبقات کو مدد پہنچائی گئی۔

تعبیر فاؤنڈیشن ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو پائیدار ترقی اور انسانی امداد کے لئے کام کرتی ہے۔ یہ فاؤنڈیشن تعلیم، صحت اور ہنگامی امداد کے ذریعے پسماندہ کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ اپنی شفاف کارکردگی اور رضاکاروں کے نیٹ ورک کی بدولت یہ ادارہ مستحقین تک باوقار اور موثر انداز میں امداد پہنچاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان راشن مہم فاؤنڈیشن کے سالانہ پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد ماہ مقدس میں خوراک کی عدم تحفظ کے مسائل کو حل کرنا ہے۔

اس سال کائنڈ ہارٹس فاؤنڈیشن امریکہ کے تعاون سے اس مہم کا دائرہ کار مزید وسیع ہوا جس کے تحت آٹا، چاول، چینی، دال اور خوردنی تیل جیسی بنیادی اشیا ان خاندانوں تک پہنچائی گئیں جو مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ تعبیر فاؤنڈیشن کے ترجمان خرم شہزاد نے کہاکہ ہمیں پاکستان بھر میں اپنے رضاکاروں پر فخر ہے، جن کی بے لوث محنت کی بدولت یہ مہم کامیاب ہوئی۔ ان کی انسانیت کی خدمت کا جذبہ رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں سینکڑوں خاندانوں کیلئے امید اور ریلیف کا باعث ہے۔ یہ رمضان پیکیج مہم نہ صرف ہمدردی اور یکجہتی کی عکاس ہے بلکہ یہ روزمرہ گھریلو ضروریات کو پورا کرنے کے لئے باوقار اور مؤثر انداز میں کام کرنے والی کمیونٹی کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔