انسداد دہشت گردی کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے‘احسن اقبال

پیر 7 اپریل 2025 23:27

انسداد دہشت گردی کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے‘احسن اقبال
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2025ء)وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت سماجی و سیاسی ڈومین پر دوسری اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں قومی نصاب میں مذہبی ہم آہنگی اور نفرت انگیز تقاریر کے خلاف اقدامات شامل کرنے کی تجویزدی گئی جبکہ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے قومی داخلی سلامتی پالیسی (2018-23) پر عمل درآمد نہ ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ سول اداروں کی کوششوں کو مربوط کرنے پر زور دیا اور کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بلوچستان میں دہشت گردی کے چیلنج پر گفتگو ہوئی، اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف غیر روایتی اقدامات پر زوردیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر منصوبہ بندی نے قومی داخلی سلامتی پالیسی (2018-23) پر عمل درآمد نہ ہونے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ سول اداروں کی کوششوں کو مربوط کرنے پر زوردیا اور کہا کہ جامع انسداد دہشت گردی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، وزیر منصوبہ بندی نے صوبائی حکومتوں کو ترقیاتی اور تعلیمی اقدامات ‘ غریب ترین اضلاع میں ترقیاتی کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر منصوبہ بندی نے مدارس میں بچوں کو وسیع تر کیریئر کے مواقع فراہم کرنے پر زوردیا اور کہا کہ مذہبی رواداری اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، وزیر منصوبہ بندی نے قومی نصاب میں مذہبی ہم آہنگی اور نفرت انگیز تقاریر کے خلاف اقدامات شامل کرنے کی تجویزدی اور کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر لڑکیوں کے لیے ہائی اسکول قائم کرنے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی نے اساتذہ کی تربیت اور ریفریشر کورسز پر زوردیااورعوام اور حکومتی نمائندوں کے درمیان رابطے بہتر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ علامہ اقبال کے افکار کو نوجوانوں میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اقبال اکیڈمی کے قیام پر زوردیا۔