پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما سینیٹر تاج حیدر انتقال کر گئے

منگل 8 اپریل 2025 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اپریل2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر منگل کو انتقال کر گئے، ان کی عمر 83 برس تھی۔تاج حیدر کی فیملی نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے بیمار تھے۔نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ کے مطابق مرحوم کی نمازجنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر ایم پی اے فریال تالپور نے سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی اور جمہوریت کے لئے لازوال جدوجہد پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

اپنے تعزیتی بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر پارٹی کے سینئر رہنما تھے ، ان کا انتقال پارٹی کا نقصان ہے۔ انہوں نے تاج حیدر کے لئے مغفرت کی دعا کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ایم پی اے فریال تالپور نے تاج حیدر کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر وقار مہدی اور دیگر پارٹی رہنمائوں نے بھی تاج حیدر کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔