پی ٹی آئی کی باہر بیٹھی قیادت وہ نہ کرسکی جو میں نے جیل میں بیٹھ کر کیا، شاہ محمود قریشی

عمر کوٹ میں احتجاج ہو رہا ہے میں جیل میں بیٹھ کر احتجاج کی قیادت کر رہا ہوں، اب زر اور زرداری کی سیاست نہیں چلے گی، نام لگانے سے کوئی بھٹو کا وارث نہیں بن سکتا؛ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 9 اپریل 2025 14:19

پی ٹی آئی کی باہر بیٹھی قیادت وہ نہ کرسکی جو میں نے جیل میں بیٹھ کر کیا، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی باہر بیٹھی قیادت وہ نہ کرسکی جو میں نے جیل میں بیٹھ کرکیا۔ لاہور انسدادِ دہشت عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ء اور 2018ء میں پی ٹی آئی کو عمر کوٹ میں متعارف کرایا، میں پی ٹی آئی کا جھنڈا اور بلا عمر کوٹ سندھ لے کر گیا، چودہ اپریل اور پندرہ اپریل کو عمر کوٹ میں احتجاج ہو رہا ہے میں جیل میں بیٹھ کر احتجاج کی قیادت کر رہا ہوں، پی ٹی آئی کی باہر بیٹھی قیادت وہ نہ کر سکی جو میں نے جیل میں بیٹھ کر کیا، میں جی ڈی اے اور جے یو آئی کی قیادت کا شکر گزار ہوں، پانی کے مسئلے پر وہاں کی اپوزیشن پارٹیوں کا الائنس بن چکا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں پانی کے مسلے پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے، جب منصوبہ منظور ہوا تو اس میں چھ نہریں تھی پیپلز پارٹی کو علم تھا، پہلے پیپلز پارٹی خاموش کیوں رہی اب شور کیوں مچا رہی ہے؟جب ارسا نے پانی کی دستیابی کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا تو اس وقت پیپلز پارٹی نہ بولی، سندھ میں احتجاج شروع ہوئے تو پیپلز پارٹی نے بھی آنسو بہانے شروع کر دیئے، نہروں کی تعمیر کے منصوبے پر چھ اضلاع میں کام کافی عرصہ سے جاری تھا نہروں کی تعمیر کے لیے زمیں حاصل کی جارہی تھی اس وقت کوئی نہیں بولا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو دبئی میں کیا کر رہا ہے جب کہ سندھ میں عوام احتجاج کر رہی ہے، سندھ کی عوام پیپلز پارٹی کی حقیقت جان چکی ہے، زرداری خاندان بھٹو بن کر عوام کودھوکہ دے رہا ہے، بھٹو کا وارث بھٹو ہوسکتا ہے زرداری نہیں ہوسکتا، نام لگانے سے بھٹو کا وارث نہیں بن سکتا، بلاول جو ہے وہ حاکم زرداری کا وارث ہے بھٹو خاندان کا وارث نہیں ہے، اب زر اور زرداری کی سیاست نہیں چلے گی، میں سندھ کی عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ عمر کوٹ کے احتجاج میں شرکت کریں۔