استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے عہدیداران کا اہم اجلاس، صوبائی رہنمائوں کی شرکت

بدھ 9 اپریل 2025 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2025ء) استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے عہدیداران کا اجلاس یہاں منعقد ہوا جس میں سنٹرل اور ویسٹ پنجاب میں تنظیم سازی سمیت دیگر اہم پارٹی امور پر مشاورتی عمل مکمل کر لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی صدر آئی پی پی رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی ،جنرل سیکرٹری ویسٹ پنجاب فرخ ممتاز مانیکا، صدر مینارٹی ونگ پنجاب ہارون عمران گل،جنرل سیکرٹری مینارٹی ونگ شہباز گل و دیگر نے شرکت کی۔

آئی پی پی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں ایجنڈے میں شامل مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی مرتب کیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں سینئر سیاستدان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر تاج حیدر اور ایم پی اے ارشد وڑائچ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا گیا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ استحکام پاکستان پارٹی بطور اتحادی جماعت پنجاب حکومت کے ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی تائید پر اتفاق کرتی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی رہنماوں نے کہا کہ ہمیں بطور سیاسی جماعت قوم میں مثبت سوچ اور دفاع پاکستان پر مبنی سیاست کو فروغ دینا ہو گا۔وفاقی وزیر و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی سیاست ملکی ترقی سے وابستہ ہے اور وطن سے محبت ہماری سیاست کا محور و مرکز ہے کیونکہ وطن پرستی ہی ہماری بقا کی ضمانت ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دیگر زونز کی طرح ویسٹ پنجاب میں بھی تنظیم سازی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، سیاست میں رواداری اور باہمی احترام کے قائل ہیں، متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔ اجلاس میں اس بات کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں کارکنوں کو متحرک کئے جانے کا عمل جاری رکھا جائے۔چ