ٰ اینٹی کر پشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی محکمہ خوراک ژوب میں کر پشن اسکینڈل کے حوالے سے کارروائی

ژ*محمد اعظم اور ظفر اچکزئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، گرفتاری کے لیے چھاپے

بدھ 9 اپریل 2025 20:40

ت*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2025ء) اینٹی کر پشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے عملے نے محکمہ خوراک ژوب میں کر پشن اسکینڈل کے حوالے سے کارروائی کرتے ہوئے محمد اعظم اور ظفر اچکزئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کر پشن اسٹیبلشمنٹ عبد الواحد کا کڑ کی ہدایت پر محکمہ خوراک کے گوداموں میں گندم کی بڑی مقدار میں کمی اور ریکارڈ میں ہیر پھیر کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش کی گئی اور معلوم ہوا کہ ژوب کے گوداموں میں تین مختلف چیکنگ کے دوران گندم کی کمی میں مسلسل اضافہ ہوا۔

پہلی چیکنگ میں 1,103 بوریوں ، دوسری میں 1,382 بوریوں تیسری چیکنگ میں یہ کمی بڑھ کر 4,885 بوریوں تک پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

اس دوران ذمہ دار افسران کی جانب سے گوداموں کو سیل اور کوئی کارروائی نہ کرنا اس کمی کی بڑی وجہ ثابت ہوئی۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 217، 218، 380، 409، 420، 468 اور 471 کے تحت کر پشن ایکٹ 1947 کی شق 5(2) کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل عبد الواحد کا کڑ نے واضح کیا ہے کہ اس معاملے میں تمام ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور سرکاری خزانے کے نقصان کی تلافی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔