بجلی 9 روپے مہنگی ہونے کا امکان

آئیسکو نے ملٹی ائیر ٹیرف کے سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9 روپے کا اضافہ مانگ لیا، فکس چارجز اور 3 فیز پیک آور میں اضافے کی بھی سفارش کر ڈالی

muhammad ali محمد علی بدھ 9 اپریل 2025 22:29

بجلی 9 روپے مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اپریل2025ء) بجلی 9 روپے مہنگی ہونے کا امکان، آئیسکو نے ملٹی ائیر ٹیرف کے سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 9 روپے کا اضافہ مانگ لیا، فکس چارجز اور 3 فیز پیک آور میں اضافے کی بھی سفارش کر ڈالی ۔ تفصیلات کے مطابق جہاں ایک جانب حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 7 روپے سے زائد کمی کیے جانے کے دعوے کیے جا رہے وہیں، وہیں دوسری جانب سے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بجلی صارفین کیلئے بجلی 9 روپے مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

بدھ کے روز آئیسکو کی نیپرا میں ملٹی ائیر ٹیرف کے سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی سماعت ہوئی۔آئیسکو نے 9 روپے کا اضافہ مانگ لیا،فکس چارجز میں اضافہ بھی درخواست میں شامل ہے۔ آئیسکو نے نیٹ میٹرنگ کے حوالے سے اور 3 فیز پیک آور میں اضافے کی بھی سفارش کر ڈالی ۔

(جاری ہے)

نیپرا اتھارٹی آئیسکو کی طرف سے دی جانے والی تفصیلات پر برہم ہوئی کیونکہ آئیسکو چیف سے پوچھے گئے سوالات پر غیر تسلی بخش جوابات دیئے گئے۔

ممبر سندھ رفیق احمد شیخ نے آئیسکو کی دوبارہ سماعت رکھنے کی سفارش کر دی۔ رفیق شیخ نے کہا کہ آئیسکو چیف کی نااہلی پر فوری طور پر انہیں عہدے سے ہٹا دیا جائے، سی ای او آئیسکو اتنی بڑی کمپنی چلانے کے اہل نہیں،آئیسکو پہلے ہی نجکاری کی لسٹ میں ہے اور اوپر سے یہ نا اہلی کیسے برداشت ہو گی۔ ممبر نیپرا رفیق شیخ نے کہا کہ ہمیں آئیسکو صارفین کا خیال ہے لیکن آئیسکو اعلی سطح کی انتظامیہ کی نا اہلی پر افسوس ہے۔

یہاں یہ واضح رہے کہ بجلی مہنگی کرنے سے متعلق آئیسکو کی یہ درخواست ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حکومت ہر روز بجلی کی قیمت میں تاریخی کمی کرنے کے دعوے کرتے نہیں تھک رہی۔ تاہم حکومت کے ان دعووں سے متعلق بھی یہ انکشاف ہوا ہے کہ حکومت کی جانب سے حال ہی میں جو بجلی سستی کی گئی، وہ بنیادی ٹیرف کی مد میں نہیں کی گئی۔ حکومت کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ایک پیسے کی بھی کمی نہیں کی گئی۔