عالمی بینک کے تین رکنی وفد کا تربیلا کے 1530میگا واٹ کے پانچویں توسیعی منصوبہ کا دورہ

جمعرات 10 اپریل 2025 17:10

عالمی بینک کے تین رکنی وفد کا تربیلا کے 1530میگا واٹ کے   پانچویں توسیعی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2025ء) عالمی بینک کے تین رکنی وفد نے تربیلا کے 1530میگا واٹ کے پانچویں توسیعی منصوبہ کا دورہ کیا ۔وفد کی قیادت عالمی بینک کے جنوبی ایشیا میں ریجنل ڈائریکٹر برائے انفراسٹرکچر پنکج گپتانے کی۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔

پراجیکٹ کی تمام سات سائٹس پر تعمیراتی کام تسلی بخش رفتار سے جاری ہے، ان سائٹس میں ریزڈ ان ٹیک، ٹنل، پن سٹاک اور پاور ہائوس شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے وفد کا پاکستان میں پانی اور پن بجلی کے وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے عالمی بینک کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ واپڈا اور عالمی بینک کے مابین گزشتہ 6 دہائیوں پر مشتمل دیرینہ شراکت داری آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوگی۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دورا ن تر بیلا پانچویں توسیعی منصوبہ کے جنرل منیجر؍پراجیکٹ ڈائریکٹر نے وفد کو بتایا کہ پراجیکٹ کی تمام سات اہم سائٹس پرکام تسلی بخش رفتار سے جاری ہے۔ پراجیکٹ پر حاصل ہونے والے اہم اہداف کا ذکر کرتے ہوئے وفد کو بتایا گیا کہ ان ٹیک شافٹ، پین سٹاک، پاور ہائوس، سوئچ یارڈ پر کھدائی کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ ریزڈ ان ٹیک، پاور ہائوس، سوئچ یارڈ، ٹیل ریس کلورٹ اور کینال پر کنکریٹ کا کام جاری ہے۔

تینوں پیداواری یونٹوں پر ڈرافٹ ٹیوبز نصب ہوچکی ہیں۔ علاوہ ازیں پن سٹاک پائپس اورسوئچ یارڈ میں الیکٹرومکینیکل آلات کی تنصیب جاری ہے۔ پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار 2026 ء میں شروع ہو جائے گی۔ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، واپڈا کے ماحول دوست اور کم لاگت بجلی پیدا کرنے کے پروگرام کا حصہ ہے۔ منصوبے کی تعمیر کیلئے عالمی بینک 390 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔

پانچویں توسیعی منصوبے کے تحت، تربیلا ڈیم پراجیکٹ کی ٹنل نمبر 5 پر تین پیداواری یونٹ نصب کئے جا رہے ہیں۔ ان میں سے ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت510 میگا واٹ ہے۔ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاََ ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ پن بجلی فراہم کرے گا۔ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے بجلی کی پیداواربڑھ کر 6 ہزار 418 میگا واٹ ہوجائے گی۔