ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ جعلی ڈیڈ اور فراڈ کیس : شوکت بابر ورک کی درخواست ضمانت خارج

جمعرات 10 اپریل 2025 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس تنویر احمد شیخ نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ جعلی ڈیڈ اور فراڈ کیس کے مرکزی ملزم شوکت بابر ورک کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر دینا خان کے وکیل راجہ ندیم حیدر نے موقف اپنایا کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے میں بھی ٹرسٹ کے بنک اکائونٹس میں خورد برد کرنے، غیر قانونی بنک اکائونٹ کھولنے اور منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہو چکے ہیں، محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان (مرحوم) کے وصال کے بعد ان کے ٹرسٹ ’’ڈاکٹر ایکیو خان ہسپتال ٹرسٹ لاہور‘‘ کو ہتھیانے کے لیے ایک منظم قبضہ مافیا گروہ نے سب رجسٹرار گلبرک ٹائون لاہور سے فراڈ، جعل سازی اور دھوکہ دہی سے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ رجسٹر کروا کر ٹرسٹ ہسپتال پر اور دیگر املاک پر قبضہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور غیرقانونی فائدہ اٹھایا، سب رجسٹرار گلبرک ٹائون لاہور، رائے عنصر علی کو جب حقیقت کا علم ہوا کہ ملزمان شوکت بابر ورک ، سعید احمد اور محمد سہیل وغیرہ نے ٹرسٹ ہسپتال کی جعلی ڈیڈ دھوکہ دہی اور فراڈ سے رجسٹر کروائی تھی تو اس نے تحقیق کے بعد ملزمان کے خلاف مورخہ 05 مارچ 2024کو تھانہ نصیر آباد میں، 420،468، 471 ت پ کے تحت مقدمہ درج کروادیا، اس مقدمے میں ملزمان کی پہلے سیشن کو رٹ سے اور پھر ہائیکورٹ سے ضمانتیں خارج ہوئیں اور بعد میں شوکت ورک اور محمد سہیل کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا اور ایک ملزم سعید احمد کی سپریم کورٹ سے بھی درخواست ضمانت خارج ہو چکی ہے، ملزمان نے 15 مارچ 2024 کو رات کے اندھیرے میں مسلح افراد کے ساتھ مل کر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال پر قبضہ کرنے کی کوشش بھی کی تھی لیکن پولیس کی بروقت کارروائی سے ہسپتال کو قبضہ مافیا گروہ سے بچا لیا گیا اور پولیس نے کارروائی کے دوران چار افراد کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے خلاف دوسرا مقدمہ تھانہ راوی روڈ میں 448 اور 511 ت پ کے تحت درج ہے، ملزمان کے خلاف ٹرسٹ کی گاڑیاں واپس نہ کرنے اور دھمکیاں دینے کے جرم میں ایک مقدمہ زیر دفعہ نمبر 406 تھانہ راوی روڈ میں بھی درج ہے۔