ٰپاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کا میلہ سجنے کو تیار: پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل

/پنجاب پولیس کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور

جمعرات 10 اپریل 2025 21:30

ٖ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اپریل2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے لیے پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس فورس کھلاڑیوں، آفیشلز، شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اورپرامن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن مکمل ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میچز کے دوران مجموعی طور پر 21 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ لاہور میں میچز کے دوران 08 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے اسی طرح راولپنڈی میں میچز کے دوران 05 ہزار اور ملتان میں 8 ہزار افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔

(جاری ہے)

لاہور میں 13، راولپنڈی 11 اور ملتان میں 05 میچز کھیلے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹس، سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں۔میچز کے دوران سکیورٹی ہائی الرٹ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے۔سیف سٹیز اتھارٹی کیمروں کی مدد سے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹ کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔

ٹریفک کا بلاتعطل بہاؤ اور مناسب پارکنگ یقینی بنانے کیلئے اضافی ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں۔ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں میچز کے دوران موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔سٹیڈیمز سمیت اردگرد کی بلند عمارات پر پولیس سنائیپرز تعینات کیے جائیں۔سٹیڈیمز کے داخلی و خارجی راستوں اور انٹری گیٹس پر تعینات عملہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئے۔ڈاکٹر عثمان انورنے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی آگاہی اور ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ اضلاع قبل از میچز ٹریفک ایڈوائزری جاری کریں۔شائقین کرکٹ محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہونے کے لئے پنجاب پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔