پنجاب ،خیبرپختونخواہ ،آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی کہیں موسلادھار بارش

ہری پورکے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی،بجلی کا ترسیلی نظام بھی درہم برہم

جمعہ 11 اپریل 2025 11:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اپریل2025ء) پنجاب ،خیبرپختونخواہ اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،ہری پورکے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی،تیز ہوائوں اور بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی درہم برہم ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی ۔

(جاری ہے)

لاہور ، جڑانوالہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب ،شرقپور ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورجڑواں شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش ہوئی ۔ میرپور آزاد کشمیر اور گرد و نواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی ۔ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بارش شروع ہوتے ہی کئی سیکٹرز کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔خیبر پختوانخواہ کے کئی علاقوں میں بھی موسلا دھاربارش ہوئی جس سے ہری پور میں برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی ۔ تیز ہوائوں اور بارش سے مختلف علاقوں میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔