وزیر ہاوسنگ بلال یاسین کا واسا ہیڈ آفس کا دورہ

جمعہ 11 اپریل 2025 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اپریل2025ء) لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث صورتحال کے پیش نظر وزیر ہاوسنگ پنجاب بلال یاسین نے واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا ۔دورے کے دوران وزیر ہاوسنگ اور ڈی جی واسا نے شہر بھر میں جاری نکاسی آب آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایم ڈی واسا غفران احمد نے نکاسی آب کے اقدامات اور رین ڈیش بورڈ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام انڈر پاسز پر نصب لائیو کیمروں کے ذریعے جاری مانیٹرنگ سسٹم سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا، جس کے تحت بارش کے دوران پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ایم ڈی واسا نے شہر میں مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی بارش سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کیں۔ ان کے مطابق جیل روڈ پر4.2 ملی میٹر،ایئرپورٹ 6 ملی میٹر،واسا ہیڈ آفس 2.5 ملی میٹر،لکشمی چوک 4.5 ملی میٹر،اپر مال 4 ملی میٹر،مغلپورہ 1 ملی میٹر،تاجپورہ 2 ملی میٹر،نشتر ٹاون 2 ملی میٹر،چوک ناخدا 2 ملی میٹر،پانی والا تالاب 2.5 ملی میٹر،فرخ آباد 2 ملی میٹر،گلشن راوی 5 ملی میٹر،اقبال ٹاون 1 ملی میٹر،سمن آباد 4 ملی میٹر،جوہر ٹاون 3.5 ملی میٹر،قرطبہ چوک پر2.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

شہر لاہور میں مجموعی طور پر اوسطا 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔وزیر ہاوسنگ نے واسا کی جانب سے نکاسی آب، مانیٹرنگ سسٹم اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔